LOADING

Type to search

پاکستان تازہ ترین

اسلام آباد(سہ پہر) چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت بلیو ایریا میں فوڈ اسٹریٹ کے قیام اور دیگر منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

اسلام آباد: (پ ر: مورخہ 11 مارچ، 2025) چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت بلیو ایریا میں فوڈ اسٹریٹ کے قیام اور دیگر منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر پلاننگ، ممبر انجینئرنگ، ممبر فنانس، ڈی جی انوائرمنٹ، ڈی جی بلڈنگ کنٹرول سمیت سی ڈی اے کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اجلاس میں کہا کہ اسلام آباد کی خوبصورتی میں مزید اضافہ، عوام کے لیے جدید سفری سہولیات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ بلیو ایریا میں جدید خطوط پر فوڈ اسٹریٹ کے قیام کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ بلیو ایریا میں اعلیٰ معیار کی فوڈ اسٹریٹ کے قیام سے شہریوں کو نہ صرف اعلیٰ کوالٹی کے ملکی اور غیر ملکی برانڈز کے لذیذ اور دلکش کھانے ایک ہی جگہ پر میسر ہوں گے، بلکہ پارکنگ کی مناسب سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

بلیو ایریا فوڈ اسٹریٹ میں بہترین ڈیزائن کے پاتھ ویز قائم کیے جائیں گے۔ بزرگوں اور بچوں کے لیے الیکٹرک کارٹس کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ فوڈ اسٹریٹ کو کم سے کم مدت میں تیار کرکے آپریشنل کیا جائے۔ انہوں نے فوڈ اسٹریٹ کے لیے دنیا کے جدید اور پُرکشش ڈیزائنز کو مدنظر رکھ کر اعلیٰ معیار کی فوڈ اسٹریٹ بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔

فوڈ اسٹریٹ میں ہونے والی تمام وصولیاں کیش لیس طریقے سے کی جائیں گی۔ فوڈ اسٹریٹ کو جدید اور خوبصورت لائٹس سے مزین کیا جائے گا۔ صارفین کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے کامن سٹنگ ایریاز تعمیر کیے جائیں گے۔ بارش سے بچاؤ کے ساتھ ساتھ فوڈ کو حفظان صحت کے مطابق تیار کرنے کے بہترین انتظامات کیے جائیں گے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے انجینئرنگ ونگ کو فوڈ سٹریٹ اور پیڈسٹرین ٹریکس کے لیے تخمینہ اور ٹائم لائنز کے مطابق جلد از جلد کام کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں اسلام آباد شہر میں کیبل کار کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کیبل کار کے حوالے سے فزیبلٹی رپورٹ جلد تیار کرنے کی ہدایت جاری کی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے ایف نائن پارک میں زیپ لائن متعارف کروانے کے لیے بھی ورکنگ شروع کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں آرٹ اینڈ کرافٹ ویلج کو آپریشنل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت بھی دی گئی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد میں سیاحت کے فروغ کے لیے سفاری پارک سمیت کلچرل سنٹر کے قیام کے منصوبے پر کام کیا جائے۔ انہوں نے تمام منصوبوں کے حوالے سے فزیبلٹی رپورٹس تیار کرکے جلد کام کا آغاز کرنے کی ہدایت کی۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ یہ منصوبے نہ صرف شہریوں کے لیے بہترین سہولیات فراہم کریں گے، بلکہ اسلام آباد کو سیاحت کے لحاظ سے بھی ایک اہم مرکز بنائیں گے۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ ان منصوبوں کو وقت پر مکمل کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کردیں۔

سی ڈی اے کی انتظامیہ شہریوں کی بہتری اور شہر کی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ فوڈ اسٹریٹ اور دیگر تفریحی منصوبوں کے ذریعے اسلام آباد کو ایک جدید اور پُرکشش شہر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔