گوجرانوالہ (سہ پہر) آر پی او گوجرانوالہ کی جانب سے سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خاں کے اعزاز میں الوداعی تقریب ڈاکٹر سردار غیاث گل خاں کی خدمات کو خراجِ تحسین، یادگاری شیلڈ پیش ڈاکٹر سردار غیاث گل خاں کی پیشہ ورانہ خدمات قابلِ ستائش ہیں، راولپنڈی میں نئی ذمہ داریوں کے لیے نیک تمنائیں
گوجرانوالہ (سہ پہر) ریجنل پولیس آفیسرخرم شہزاد حیدر وڑائچ کی جانب سے سٹی پولیس آفیسر گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خاں کے تبادلے کے موقع پر آر پی او آفس میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر آر پی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر سردار غیاث گل خاں کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بطور سٹی پولیس آفیسر گوجرانوالہ انتہائی محنت، دیانتداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیے۔ ان کی تعیناتی کے دوران جرائم کی شرح میں نمایاں کمی اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری دیکھنے میں آئی۔ انہوں نے ایک بہترین کمانڈر کی حیثیت سے اپنی ٹیم کی مؤثر رہنمائی کی اور پولیس فورس کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی قیادت میں عوام دوست پولیسنگ کے فروغ اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے گئے۔آر پی او گوجرانوالہ نے ڈاکٹر سردار غیاث گل خاں کی خدمات کے اعتراف میں انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر سردار غیاث گل خاں نے آر پی او گوجرانوالہ اور ریجن پولیس کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دورانِ تعیناتی ٹیم ورک، قانون کی بالادستی اور عوام کی خدمت ہمیشہ ان کی اولین ترجیحات رہیں۔ انہوں نے اپنے دورِ تعیناتی کے دوران افسران و اہلکاروں کے تعاون کو بھی سراہا۔آر پی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے ڈاکٹر سردار غیاث گل خاں کو بطور سی پی او راولپنڈی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، تجربے اور قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے راولپنڈی میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کو بہترین پولیسنگ کی فراہمی کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔تقریب کے اختتام پر آر پی او گوجرانوالہ نے ڈاکٹر سردار غیاث گل خاں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان کے روشن مستقبل کے لیے دعا کی۔ شرکاء نے بھی ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں نیک خواہشات کے ساتھ رخصت کیا۔