LOADING

Type to search

پاکستان

لاہور (سہ پہر) پناہ کے زیر اہتمام لاہور میں علماء کانفرنس، غیر صحت بخش غذاؤں سے آئندہ نسلوں کو محفوظ بنانے کے لیے فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز (FOPWLs) کے فوری نفاذ کا مطالبہ

لاہور (سہ پہر) پناہ کے زیر اہتمام لاہور میں علماء کانفرنس، غیر صحت بخش غذاؤں سے آئندہ نسلوں کو محفوظ بنانے کے لیے فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز (ایف او پی ڈبلیو ایل ایس) کے فوری نفاذ کا مطالبہ

غیر متعدی امراض کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے نمٹنے کے لیے بیماریوں سے بچاؤ کو اولین ترجیح بنانا ہوگا: سابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر سعید راہی

’’عوامی صحت کے تحفظ کے لیے پیک شدہ خوراک پر نمایاں انتباہی لیبلز (ایف او پی ڈبلیو ایل ایس) کا لازمی نفاذ ناگزیر ہے‘‘: میجر جنرل (ر) مسعود الرحمٰن کیانی

لاہور – 17 نومبر 2026ء : پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کے زیر اہتمام لاہور میں علماء کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد غیر صحت بخش کھانے پینے کی اشیاء پر پیکجنگ کے سامنے نمایاں انتباہی لیبلز (Front-of-Pack Warning Labels – FOPWLs) کے لازمی نفاذ کی فوری ضرورت کو اجاگر کرنا تھا۔ کانفرنس میں مذہبی علماء، حکومتی نمائندوں اور ماہرینِ صحت نے اس بات پر زور دیا کہ واضح انتباہی لیبلز عوام، بالخصوص بچوں اور نوجوانوں کو غیر صحت بخش غذائی انتخاب سے محفوظ رکھنے اور ذیابیطس سمیت دیگر غیر متعدی امراض (NCDs) کے بڑھتے ہوئے بوجھ کو کم کرنے کے لیے نہایت ضروری ہیں۔

کانفرنس سے میجر جنرل (ر) مسعود الرحمٰن کیانی، سیکرٹری اوقاف جناب احسان بھٹہ، ڈائریکٹر جنرل اوقاف جناب انیس الرحمٰن، سیکرٹری سپریم کورٹ بار جناب احمد علی شیرازی اور سابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب جناب فیاض احمد راجہ نے خطاب کیا۔ پناہ کے جنرل سیکرٹری جناب ثناء اللہ گھمن نے کانفرنس کی میزبانی کی اور پاکستان میں فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کے لازمی ضوابط متعارف کروانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

اپنے خطاب میں سابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر سعید راہی نے عوامی صحت کے تحفظ کے لیے مؤثر حکومتی پالیسیوں اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے صحت کے بڑھتے ہوئے مسائل سے نمٹنے اور صحت مند غذائی ماحول کو فروغ دینے کے لیے حکومتی اداروں اور دیگر متعلقہ فریقین کے درمیان مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

میجر جنرل (ر) مسعود الرحمٰن کیانی نے کہا کہ غیر متعدی امراض کے بوجھ کو کم کرنے کا سب سے مؤثر طریقہ بیماریوں سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہے۔ انہوں نے غیر صحت بخش غذاؤں اور زیادہ مقدار میں چینی، نمک اور مضر صحت چکنائی پر مشتمل اشیاء کے استعمال کے نقصانات کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کا لازمی نفاذ عوام کو خوراک کے بارے میں باخبر فیصلے کرنے میں مدد دے سکتا ہے اور بیماریوں کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

جناب فیاض راجہ نے صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ اور عوامی آگاہی پیدا کرنے میں علماء کرام کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جان کا تحفظ اور نقصانات سے بچاؤ ہم سب کی مشترکہ سماجی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے آئندہ نسلوں کی صحت کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

پناہ کے جنرل سیکرٹری جناب ثناء اللہ گھمن نے پاکستان میں ذیابیطس اور دیگر غیر متعدی امراض کے بڑھتے ہوئے بوجھ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میٹھے مشروبات اور الٹرا پروسیسڈ غذاؤں کا ضرورت سے زیادہ استعمال ان بیماریوں کی ایک اہم وجہ ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ غیر صحت بخش غذائی مصنوعات پر فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز (FOPWLs) کے لازمی نفاذ کے عمل کو فوری طور پر تیز کیا جائے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ نمایاں، سادہ اور آسانی سے سمجھ آنے والے انتباہی لیبلز صارفین کو ایسی غذائی مصنوعات کی شناخت میں مدد فراہم کریں گے جن میں چینی، نمک اور مضر صحت چکنائی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، تاکہ وہ خریداری کے وقت بہتر اور باخبر فیصلے کر سکیں۔ انہوں نے صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ کے لیے مذہبی اجتماعات، منبر و محراب اور عوامی رابطوں کے ذریعے آگاہی پیدا کرنے میں علماء کرام کے مؤثر کردار کو بھی اجاگر کیا۔

انہوں نے احتیاطی صحت کی دیکھ بھال اور شواہد پر مبنی عوامی صحت کی پالیسیوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خوراک پر لازمی انتباہی لیبلز غیر صحت بخش غذائی مصنوعات کے استعمال اور ان سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنے اور غذا سے متعلق بیماریوں کی روک تھام میں ایک اہم ذریعہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

کانفرنس کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے حکومت، مذہبی قیادت، طبی ماہرین اور سول سوسائٹی کی مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز (FOPWLs) کے لازمی ضوابط فوری طور پر نافذ کیے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انتباہی لیبلز نمایاں، واضح اور آسان فہم ہوں، تاکہ صارفین غیر صحت بخش غذائی مصنوعات کی باآسانی شناخت کر سکیں۔

کانفرنس کا اختتام اس اجتماعی عزم اور مطالبے کے ساتھ ہوا کہ حکومت فوری اقدامات کرتے ہوئے فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز (FOPWLs) کے لازمی نفاذ کو یقینی بنائے، تاکہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کو ذیابیطس اور دیگر قابلِ تدارک بیماریوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے محفوظ رکھا جا سکے۔

X