لاہور (سہ پہر) سائبر کرائم نے دو مختلف کاروائیوں میں ہنی ٹریپ کال سینٹر چلانے والی 17 لڑکیاں اور فراڈ کال سینٹر کے 9 لڑکے گرفتار
لاہور (سہ پہر): ایڈیشنل ڈائریکٹر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی لاہور زون عاطف امیر کی نگرانی میں سائبر فراڈ اور ہنی ٹریپ کے خلاف دو الگ الگ کارروائیوں میں 17 لڑکیوں اور 9 لڑکوں سمیت 26 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ پہلی کارروائی میں ہنی ٹریپ کے ذریعے لوگوں کو جال میں پھنسانے والی 17 خواتین جبکہ دوسری کارروائی میں غیر ملکی شہریوں سے فراڈ کرنے والے کال سینٹر سے 9 مرد گرفتار کیے گئے۔.
پہلی کارروائی ایک ایسے کال سینٹر کے خلاف کی گئی جہاں خواتین مختلف آن لائن ذرائع کے ذریعے مردوں سے رابطہ کرتی تھیں۔ خواتین طویل گفتگو کے ذریعے افراد سے تعلق قائم کرتیں اور انہیں ویڈیو رابطے پر لاتی تھیں۔ اس کے بعد غیر اخلاقی گفتگو اور ویڈیو رابطوں کے ذریعے انہیں اپنے ساتھ رابطے میں رکھا جاتا اور ان سے آن لائن تحائف اور دیگر مالی فوائد حاصل کیے جاتے تھے۔.
کارروائی کے دوران 17 خواتین کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 35 موبائل فون اور دو لیپ ٹاپ برآمد کیے گئے۔ اس کارروائی کا مقدمہ نمبر 234/26 درج کرلیا گیا ہے۔.
دوسری کارروائی لاہور کے علامہ اقبال ٹاؤن میں قائم ایک کال سینٹر کے خلاف کی گئی، جہاں برطانیہ کے شہریوں کو موبائل فون کی تبدیلی اور مختلف مواصلاتی سہولتوں کی پیشکش کے نام پر نشانہ بنایا جا رہا تھا۔.
کال سینٹر کے کارکن غیر ملکی شہریوں سے رابطہ کرکے انہیں موبائل فون اور مختلف پیکیجز کی پیشکش کرتے۔ شہریوں کو رقم جمع کرانے پر موبائل فون فراہم کرنے کا یقین دلایا جاتا، تاہم رقم وصول کرنے کے بعد موبائل فون فراہم نہیں کیے جاتے تھے۔ متاثرین کو موبائل فون جلد پہنچنے کا یقین دلایا جاتا اور فراہم کرنے کے لیے نئی نئی تاریخیں بتا کر ٹال مٹول کی جاتی تھی جبکہ رقم بھی واپس نہیں کی جاتی تھی۔.
کارروائی میں 9 مرد گرفتار کیے گئے جبکہ ان کے قبضے سے 10 موبائل فون اور پانچ لیپ ٹاپ برآمد ہوئے۔ اس کارروائی کا مقدمہ نمبر 235/26 درج کرلیا گیا ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر لاہور زون عاطف امیر کی نگرانی میں گرفتار افراد سے تفتیش اور برآمد ہونے والے موبائل فونز اور لیپ ٹاپس کی جانچ جاری ہے۔