کراچی (سہ پہر) دانیہ کنول نیویارک ٹائمز اسکوائر کی بڑی اسکرین پر جلوہ گر، 2026 کیو 3 کے لیے اسپاٹی فائی ایکوئل پاکستان کی سفیر مقرر
کراچی (سہ پہر)، 29ستمبر 2026: کراچی سے تعلق رکھنے والی ابھرتی ہوئی ریپر، ڈانسر اور کوریوگرافر دانیہ کنول کو اسپاٹی فائی نے 2026 کیو 3 کے لیے ایکوئل پاکستان کی سفیر مقرر کردیا ,، جس کے ذریعے پاکستان کے ہپ ہاپ منظرنامے میں نیا اور منفرد نقط نظر سامنے لانے والی ابھرتی ہوئی آوازوں میں سے ایک کو اجاگر کیا گیا ہے۔ 26 ستمبر کو نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں اسپاٹی فائی کے بل بورڈ پر دانیہ کنول کی تشہیر کی گئی، جبکہ اسپاٹی فائی کی متعدد پلے لسٹس میں بھی ان کے گانے شامل کیے گئے ہیں۔
دانیہ کنول کا ہپ ہاپ موسیقی پیش کرنے کا انداز حقیقت پسندی اور انفرادیت پر مبنی ہے۔ ان کی موسیقی میں گہری مشاہداتی شاعری کے ساتھ جنوبی ایشیائی رنگ نمایاں ہے، جبکہ ان کے گانوں میں شناخت،نسوانیات، آزادی اور ایک نوجوان خاتون کی حیثیت سے معاشرے میں زندگی گزارنے کے تجربات سمیت مختلف موضوعات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ایکوئلـ کے لیے ان کا منتخب گانا ‘‘مائیک چیک’’ رواں سال کے آغاز میں ریلیز ہونے والے ان کے پہلے سات گانوں پر مشتمل البم ‘‘کنول’’ کا حصہ ہے۔ البم کی ریلیز کے بعد گزشتہ ایک سال کے دوران اسپاٹی فائی پر دانیہ کنول کے گانے سننے والوں کی تعداد میں 3,470 فیصد سے زائد، جبکہ ان کے گانوں کے اسٹریمز میں 6,920 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
ریپر کے طور پر اپنی شناخت بنانے سے قبل دانیہ کنول نے ہپ ہاپ ڈانس سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا۔ بی گرل ڈیسٹنی کے نام سے پرفارم کرنے والی دانیہ کنول نے 2022 میں ہونے والی پہلی بین الاقوامی بریکنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کی پہلی خاتون قومی چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا۔ رواں سال کے آغاز میں انہوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے آفیشل گانے ‘‘کھیلیں گے بیٹ پہ’’ میں عاطف اسلم، صابری سسٹرز اور آئمہ بیگ کے ہمراہ پرفارم کیا، جبکہ اس گانے کے لکھنے والوں میں بھی دانیہ کنول شامل تھیں۔ یہ گانا اس وقت اسپاٹی فائی پر دانیہ کنول کا سب سے زیادہ اسٹریم کیا جانے والا گانا ہے، جس کے بعد ‘‘بن رنجھا’’,‘‘جہادی عورت’’اور ‘‘میری جان’’ ان کے سب سے زیادہ اسٹریم کیے جانے والے گانوں میں شامل ہیں۔
ہپ ہاپ ڈانس کے مقابلوں سے موسیقی تک دانیہ کنول کے سفر نے انہیں پاکستان کے ہپ ہاپ منظرنامے میں ایک منفرد ابھرتی ہوئی آواز کے طور پر نمایاں کیا ہے۔ اسپاٹی فائی پر دانیہ کے گانے سننے والوں میں 70 فیصد کی عمریں 18 سے 34 سال کے درمیان ہیں، اور وہ پاکستان کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر بھی نوجوان گانے سننے والوں کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔ امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور متحدہ عرب امارات ان ممالک میں شامل ہیں جہاں ان کی موسیقی سب سے زیادہ اسٹریم کی جا رہی ہے۔
اسپاٹی فائی کی ”ایکوئل پاکستان ایمبیسیڈر” منتخب ہونے پر دانیہ کنول نے کہا، ‘‘مجھے ایکوئل کا مقصد اور پیغام بہت پسند ہے کیونکہ یہ مجھے لڑکیوں کی ایسی محفل جیسا محسوس ہوتا ہے جہاں ہر موضوع پر بات کی جا سکتی ہے، چاہے بات آزادی کی ہو، ہمارے جسم، ہمیں شرمندہ کیے جانے، خواہش اور عزائم کی ہو یا ایسے موضوعات کی جن پر عموماً خواتین کو بات نہ کرنے کا کہا جاتا ہے۔ خواتین کو ایسی جگہوں اور مواقع کا حق ہے جہاں انہیں نرم مزاج یا بااختیار، حساس یا غصے میں، ”عورت ہونے کے تقاضوں کے مطابق یا اپنی بات پر معذرت کیے بغیر”رہنے میں سے کسی ایک کا انتخاب نہ کرنا پڑے۔ ”ایک عورت بیک وقت نرم مزاج بھی ہو سکتی ہے، بااختیار بھی، حساس بھی اور اپنے جذبات کا کھل کر اظہار بھی کر سکتی ہے۔” میں ایکوئل پاکستان کا حصہ بننے اور اپنی موسیقی کے ذریعے اس جذبے کی نمائندگی کرنے پر دل سے شکر گزار ہوں۔ یہاں ہونا میرے لیے اب بھی ناقابلِ یقین ہے اور سچ کہوں تو طاقتور، باصلاحیت اور نامور خواتین موسیقاروں کی فہرست میں شامل ہونا میرے لیے ایک اعزاز ہے۔’’
اسپاٹی فائی پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں آرٹسٹ اینڈ لیبل پارٹنرشپس مینیجر رطبہ یعقوب نے کہا، ‘‘دانیہ کنول پاکستان کے ہپ ہاپ منظرنامے میں بے خوف اور پُراعتماد انداز کے ساتھ اپنی جگہ بنا رہی ہیں۔ ان کی خاص بات یہ ہے کہ وہ اپنے ذاتی تجربات اور جنوبی ایشیائی شناخت کو اپنی موسیقی میں شامل کرتے ہوئے ہپ ہاپ کی موسیقی اور اسے پیش کرنے کے انداز میں نئے تجربات کر رہی ہیں۔ ایکوئل پاکستان کے ذریعے ہمیں خوشی ہے کہ ہم دانیہ کے اس سفر میں ان کی حمایت کر رہے ہیں، جہاں وہ نئے گانے سننے والوں تک پہنچ رہی ہیں اور اپنی آواز کو بڑے پلیٹ فارم تک لے جا رہی ہیں۔’’
اسپاٹی فائی کا ایکوئل پاکستان گزشتہ چار سال سے زیادہ عرصے سے پاکستان کی موسیقی کے مختلف انداز اور رنگ کو آگے بڑھانے والی معروف اور ابھرتی ہوئی خواتین فنکاروں کو نمایاں کر رہا ہے، اور انہیں پاکستان سمیت دنیا بھر میں گانے سننے والوں تک اپنی موسیقی پہنچانے میں مدد دے رہا ہے۔
پاکستان کی باصلاحیت اور متاثر کن خواتین فنکاروں کی موسیقی سننے کے لیے گانے سننے والے اسپاٹی فائی پر ‘‘ایکوئل پاکستان’’ پلے لسٹ دیکھ سکتے ہیں۔