اسلام آباد (سہ پہر) چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کی زیرِ صدارت اہم اجلاس کا انعقاد
اسلام آباد (سہ پہر) چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کی زیرِ صدارت اہم اجلاس کا انعقاد۔سی ٹی او اسلام آباد نے ٹریفک پولیس افسران کو ٹریفک کی روانی، موثر ٹریفک مینجمنٹ اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے اہم احکامات جاری کئے ۔ چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہر خان کی زیرِ صدارت اسلام آباد ٹریفک پولیس کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس پی ٹریفک اور تمام زونل ڈی ایس پیز نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، موثر ٹریفک مینجمنٹ، شہریوں کو بہتر اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی اور ٹریفک قوانین پر بلاامتیاز عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر سی ٹی او اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض پیشہ ورانہ مہارت، ذمہ داری اور بھرپور محنت کے ساتھ انجام دیں اور ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے موثر اقدامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو دورانِ سفر درپیش مشکلات کے فوری ازالے، اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی بہتر نگرانی اور ٹریفک قوانین پر یکساں عملدرآمد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔سی ٹی او اسلام آباد نے مزید ہدایت کی کہ تمام زونل افسران اپنے اپنے علاقوں میں ٹریفک کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں، رش کے اوقات میں اضافی توجہ دیں اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مربوط حکمتِ عملی اپنائیں۔ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، ذمہ دارانہ رویے اور بہتر عوامی خدمت کو بھی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کو محفوظ، سہل اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی، جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی

