کراچی (سہ پہر) منگھوپیر ٹاؤن میں انسدادِ پولیو مہم کامیاب بنائی جائے۔ کمشنر کراچی پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے۔ فعال کردار ادا کریں گے۔ اجلاس سے نواز بروہی ودیگر کا خطاب
کراچی (سہ پہر) کراچی منگھوپیر ٹاؤن میں جاری انسدادِ پولیو مہم کو مزید مؤثر بنانےکے حوالے سے کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیرِ سرپرستی ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی، پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر عابد حسین ستی، وائس چیئرمین رانا محمد عارف، یوسیزچیئرمینز، وائس چیئرمینز، کونسلرز سمیت متعلقہ ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں منگھوپیر ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں جاری انسدادِ پولیو مہم، پولیو ٹیموں کی فیلڈ میں موجودگی، بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے عمل کی نگرانی، والدین میں آگاہی پیدا کرنے اور پولیو سے بچاؤ کے حوالے سے عوامی تعاون حاصل کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر کراچی کی جانب سے منگھوپیر ٹاؤن میں انسدادِ پولیو مہم کے سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات کو سراہا گیا ۔کمشنر کراچی اس بات پر زور دیا گیا کہ مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بلدیاتی نمائندگان اور سیاسی تنظیم کے عہدیداران اپنے اپنے علاقوں میں فعال کردار ادا کریں۔کمشنر کراچی نے کہا کہ ایسے والدین جو کسی بھی وجہ سے اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے گریز کرتے ہیں، ان سے مؤثر اور مثبت انداز میں رابطہ کیا جائے، ان کے تحفظات دور کیے جائیں اور انہیں پولیو ویکسین کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے لیے آمادہ کیا جائے ۔اس موقع پر ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ایک قومی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے منگھوپیر ٹاؤن کی تمام یوسیز میں بھرپور اور مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس لیے بلدیاتی نمائندگان، سیاسی کارکنان، پولیو ٹیموں اور شہریوں کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ وائس چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن رانا محمد عارف نے بھی انسدادِ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے بھرپور تعاون اور اپنے علاقوں میں مؤثر نگرانی یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء کی جانب سے متفقہ طور پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ منگھوپیر ٹاؤن کی تمام یونین کونسلز میں انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے مشترکہ اور مربوط اقدامات اٹھائیں گے۔
