اٹک (سہ پہر) خوشحال گڑھ جوائنٹ چیک پوسٹ پر خودکش حملہ ناکام، اٹک پولیس کی بروقت کارروائی سے بڑی تباہی ٹل گئی
اٹک (سہ پہر) اٹک پولیس نے تھانہ جنڈ کی حدود خوشحال گڑھ جوائنٹ چیک پوسٹ پر بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے ممکنہ خودکش حملہ ناکام بنا دیا۔ آج شام ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے ناکہ بندی کی جانب بڑھنے والے ایک مشکوک شخص کو دیکھ کر فوری طور پر للکارا اور مؤثر حکمت عملی اپنائی، جس پر خودکش حملہ آور پولیس نفری تک پہنچنے میں ناکام رہا اور فاصلے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ اٹک پولیس کی غیر معمولی مستعدی، جرات اور فوری ردعمل کے باعث بڑی تباہی ٹل گئی اور متعدد قیمتی انسانی جانیں محفوظ رہیں۔
اس دوران لیاقت نامی شہری، سکنہ منکور نے بھی غیر معمولی جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا اور دھماکے کی زد میں آکر مقامی چرواہا لیاقت سکنہ منکور شہید ہو گیا۔
اطلاع وقوعہ پاتے ہی ڈی پی او اٹک سردار موارہن خان فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ واقعہ کے فوراً بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اینڈ سویپ آپریشن شروع کر دیا جبکہ سرحدی اور ملحقہ علاقوں میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔



