LOADING

Type to search

پاکستان

اسلام آباد (سہ پہر) ملائیشیا کے ہائی کمشنر داتو محمد اظہر مازلان نے پاک۔ملائیشیا دوستی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر عدنان حمید کو تعریفی اسناد سے نوازا

اسلام آباد، 20 نومبر 2026ء: (سہ پہر): ملائیشیا کے ہائی کمشنر داتو محمد اظہر مازلان نے پاک۔ملائیشیا دوستی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر عدنان حمید کو تعریفی اسناد سے نوازا

ملائیشیا ہائی کمشن میں منقعد ہونے والی خصوصی تقریب میں پاکستان اور ملائیشیا کے دیرینہ تعلقات اور میڈیا کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر داتو محمد اظہر مزلان نے پاک۔ملائیشیا دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی و باہمی تعاون کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والے میڈیا پروفیشنلز کے اعزاز میں ملائیشین ہائی کمیشن اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔

تقریب میں مختلف الیکٹرانک، پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا اداروں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

اس موقع پر ملائیشیا کے ہائی کمشنر داتو محمد اظہر مزلان نے میڈیا پروفیشنل عدنان حمید کو پاک۔ملائیشیا تعلقات کے فروغ، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی، باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو مستحکم بنانے کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں تعریفی سند پیش کی۔

یہ اعزاز عدنان حمید کی مسلسل کاوشوں، ذمہ دارانہ صحافت اور مثبت میڈیا کوریج کے ذریعے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعتراف ہے۔ اس موقع پر عدنان حمید نے ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملائیشیا کے ہائی کمشنر نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ، خوشگوار اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط، باہمی تعاون اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ہائی کمشنر نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے دورۂ پاکستان کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کے بعد تقریباً ایک سال کے عرصے میں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا ملائیشیا کا دورہ بھی دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت دینے اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہوا۔

تقریب کے اختتام پر ملائیشین ہائی کمشنر نے تمام صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کی خدمات، لگن اور دونوں ممالک کے درمیان مثبت تعلقات کے فروغ میں ان کے مسلسل کردار کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

یہ تقریب اس حقیقت کا مظہر تھی کہ میڈیا پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے، ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ اور دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے

X