اسلام آباد (سہ پہر) پاکستان میں ذیابیطس کا بحران حکومت کی فوری توجہ اور اقدامات کا متقاضی ہے: ماہرین پناہ اور ہارٹ فائل کی جانب سے عالمی یومِ ذیابیطس کے موقع پر آگاہی واک،، فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کے لازمی نفاذ اور غذائی نظام سے صنعتی طور پر تیار کردہ ٹرانس فیٹس کے خاتمے کا مطالبہ
اسلام آباد13 نومبر 2026 (سہ پہر): پاکستان ذیابیطس کے ایک تشویشناک بحران کا سامنا کر رہا ہے، جہاں 3 کروڑ 45 لاکھ سے زائد افراد ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہیں جبکہ لاکھوں مزید افراد اس بیماری کے خطرے سے دوچار ہیں۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ میٹھے مشروبات، الٹرا پروسیسڈ فوڈز اور غیر صحت بخش غذائی مصنوعات کا ضرورت سے زیادہ استعمال ذیابیطس اور دیگر غیر متعدی بیماریوں (NCDs) کے بوجھ میں تیزی سے اضافہ کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے حکومت کی جانب سے فوری اقدامات، جن میں مؤثر غذائی پالیسیاں، میٹھے مشروبات پر زیادہ ٹیکس اور فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز (FOPWLs) کا لازمی نفاذ شامل ہیں، ناگزیر ہیں۔
ان خدشات کا اظہار پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) اور ہارٹ فائل کی جانب سے 13 نومبر کو اسلام آباد میں عالمی یومِ ذیابیطس کے سلسلے میں منعقدہ آگاہی واک کے دوران کیا گیا۔ واک میں سول سوسائٹی، میڈیا، طلبہ، نوجوانوں اور صحتِ عامہ کے لیے کام کرنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس کا مقصد ذیابیطس سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا اور صحت مند غذائی انتخاب کے فروغ کے لیے مؤثر حکومتی پالیسیوں کا مطالبہ کرنا تھا۔
جناب منور حسین، ماہرِ صحت و غذائی پالیسی نے چینی کے ضرورت سے زیادہ استعمال، بالخصوصمیٹھیمشروبات کے مضر اثرات کے حوالے سے تکنیکی شواہد پیش کیے۔ انہوں نے بتایا کہ میٹھے مشروبات ضروری غذائی فوائد کے بغیر اضافی چینی کی زیادہ مقدار فراہم کرتے ہیں اور ٹائپ ٹو ذیابیطس، موٹاپے اور دیگر میٹابولک بیماریوں کے خطرات میں اضافہ کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ میٹھے مشروبات اور الٹرا پروسیسڈ غذائی مصنوعات کا باقاعدہ استعمال ملک میں ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے بوجھ میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ان مصنوعات کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے مؤثر مالیاتی اور ضابطہ جاتی اقدامات اختیار کیے جائیں۔ ان میں ایک بہترین پالیسی اقدام فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز (FOPWL) کا نفاذ ہے۔
جناب ثناء اللہ گھمن، جنرل سیکرٹری پناہ نے پاکستان میں ذیابیطس کی تشویشناک صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں افراد اس بیماری سے متاثر ہیں اور ہزاروں خاندانوں کو اس کے سنگین طبی اور مالی اثرات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر صحت بخش غذاؤں سے متعلق مؤثر پالیسیوں کے ذریعے ذیابیطس اور دیگر غیر متعدی بیماریوں کی روک تھام ممکن ہے۔ انہوں نے بالخصوص فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز (FOPWLs) کے لازمی نفاذ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسی غذائی مصنوعات جن میں چینی، نمک اور غیر صحت بخش چکنائی کی مقدار زیادہ ہو، ان پر واضح انتباہی لیبلز صارفین کو مضر اجزاء کی نشاندہی کرنے، باخبر غذائی انتخاب کرنے اور خوراک سے متعلق بیماریوں کے خطرات کو کم کرنے میں مدد دیں گے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ تمام الٹرا پروسیسڈ غذائی اور مشروبات کی مصنوعات پر لازمی فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کے جلد نفاذ کو یقینی بنایا جائے۔
ڈاکٹر صبا، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہارٹ فائل نے کہا کہ حکومت کو عوام کے بہترین مفاد میں کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پالیسی سازی کا عمل مفادات کے ٹکراؤ سے پاک ہونا چاہیے اور اس میں تجارتی مفادات کے بجائے عوامی صحت کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز (FOPWL) کا لازمی نفاذ صارفین کو ایسی غذائی مصنوعات کی نشاندہی کرنے میں مدد دے گا جن میں چینی، نمک اور غیر صحت بخش چکنائی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جس سے صارفین باخبر غذائی انتخاب کر سکیں گے اور غذائی خطرات کے عوامل سے ان کی نمائش میں کمی آئے گی۔
محترمہ اریبہ شاہد، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان یوتھ چینج ایڈووکیٹس (PYCA) نے غیر صحت بخش غذائی ماحول کے خلاف جدوجہد میں نوجوانوں کی شمولیت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ صارفین، بالخصوص بچوں اور نوعمروں کو مضر غذائی اور مشروبات کی مصنوعات سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر غذائی ضوابط اور پالیسیوں کے حق میں اپنی آواز بلند کریں۔ انہوں نے غذائی نظام سے صنعتی طور پر تیار کردہ ٹرانس فیٹس کے خاتمے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
نمائندہ سینٹر فار پیس اینڈ ڈیولپمنٹ انیشی ایٹوز (CPDI) نے بھی غذائی عادات سے متعلق بیماریوں کی روک تھام اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے مضبوط حکومتی ضوابط اور مؤثر پالیسی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
واک کے شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چینی سے میٹھے کیے گئے مشروبات اور غیر صحت بخش غذائی مصنوعات پر ٹیکس میں اضافہ کیا جائے، فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کا لازمی نفاذ کیا جائے اور صحت مند غذائی ماحول کی تشکیل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ذیابیطس کی روک تھام کے لیے اجتماعی کوششیں اور مضبوط سیاسی عزم ضروری ہیں تاکہ پاکستان کے لیے ایک صحت مند مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔