اسلام آباد (سہ پہر) چیئرمین سی ڈی اے کی سرمایہ کاروں اور ڈویلپرز کے ساتھ اہم ملاقات، ملاقات میں ایس سی او سربراہی اجلاس 2027 کی کامیاب میزبانی پر تبادلہ خیال کے علاوہ اسلام آباد میں شعبہ میزبانی اور رئیل اسٹیٹ کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد (سہ پہر): چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں سرمایہ کاروں، ڈویلپرز اور شعبہ میزبانی سے وابستہ نمائندوں کے ساتھ اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں اسلام آباد میں شعبہ میزبانی اور رئیل اسٹیٹ کے فروغ سمیت اگست 2027 میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس کی تیاریوں اور کامیاب انعقاد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اے سی سی او آر گروپ کے ایشیائی خطے کے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈوکومن ٹم پال سمیت شعبہ میزبانی اور رئیل اسٹیٹ سے وابستہ نمایاں سرمایہ کاروں اور ڈویلپرز نے شرکت کی۔ اسلام آباد کے معروف ہوٹلوں، بشمول میریٹ، سرینا، موو اِن پک، بیسٹ ویسٹرن اور رامڈا کے جنرل مینیجرز اور نمائندگان بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
ملاقات کا بنیادی مقصد ایس سی او سربراہی اجلاس 2027 کی کامیاب میزبانی کے لیے ہوٹل انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور وفاقی دارالحکومت میں میزبانی کے معیار کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔
اس موقع پر اے سی سی او آر گروپ کے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈوکومن ٹم پال نے اسلام آباد کو سیاحت اور کاروبار کے لیے ایک مثالی شہر بنانے کے سلسلے میں سی ڈی اے کی کاوشوں کو سراہا۔ سی ڈی اے کے اقدامات کا مقصد شہر میں شعبہ میزبانی کو مزید مستحکم کرنا اور اس کی سہولیات کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے کہا کہ اسلام آباد میں شعبہ میزبانی کے فروغ اور موجودہ سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد تیزی سے سیاحتی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے، جس کے پیش نظر جدید اور بین الاقوامی معیار کے حامل شعبہ میزبانی کی ترقی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے اور شعبہ میزبانی کی ترقی و جدیدکاری میں نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد میں میزبانی کی سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے اور ایس سی او سربراہی اجلاس 2027 سمیت اہم عالمی تقریبات کی کامیاب میزبانی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
