اسلام آباد (سہ پہر) ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کا نوجوان صحافیوں کو میڈیا کنسلٹنسی اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا فیصلہ، پہلی دس رکنی ٹیم کے کوائف جمع کرنے کا سلسلہ شروع
اسلام آباد 09 اکتوبر (سہ پہر) ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے نوجوان صحافیوں کو پیشہ ورانہ طور پر بااختیار بنانے، نجی اداروں کو میڈیا کنسلٹنسی کی خدمات فراہم کرنے اور اراکین کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلے دس اراکین کی تعلیمی قابلیت اور پیشہ ورانہ تجربے کی بنیاد پر ایک نجی فرم کو ذمہ داری سونپی جائے گی، جبکہ منصوبے پر عمل درآمد کے لیے ٹیم تشکیل کے لئے کوائف حاصل کرنے کا شروع کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کا اہم اجلاس صدر محمد یوسف خان کی زیر صدارت مرکزی دفتر اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں نوجوان صحافیوں کی پیشہ ورانہ ترقی، جدید میڈیا تقاضوں کے مطابق صلاحیتوں میں اضافے اور صحافت کے شعبے میں معاشی خودمختاری کے فروغ سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں قائم مقام سیکرٹری جنرل راجہ حسیب، سیکرٹری اطلاعات و نشریات نوابزادہ علی شاہ، سینئر جوائنٹ سیکرٹری آصف جنجوعہ، اراکین مجلس عاملہ غلام اویس، عمار عمران، راجہ رخسار احمد، حسنہ خٹک اور حمزہ قریشی نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ نوجوان صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو محض روایتی صحافتی سرگرمیوں تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں میڈیا کے دیگر شعبوں میں بھی آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے میڈیا کنسلٹنسی کے شعبے میں کام کرنے کی صلاحیت رکھنے والے اراکین کی نشاندہی کی جائے گی اور ان کی تعلیمی قابلیت، تجربے اور متعلقہ مہارتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نجی اداروں اور فرموں کے ساتھ پیشہ ورانہ روابط استوار کیے جائیں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ابتدائی مرحلے میں ایسوسی ایشن کے پہلے دس اراکین کو اس منصوبے میں شامل کیا جائے گا، جنہیں ان کی قابلیت اور تجربے کے مطابق میڈیا کنسلٹنسی کی خدمات فراہم کرنے کے لیے تیار کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ایک نجی فرم کو ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شرکاء اجلاس نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نوجوان صحافیوں کو جدید میڈیا، ابلاغی حکمت عملی، ادارہ جاتی روابط اور پیشہ ورانہ خدمات کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے فنی تربیت کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ اس اقدام کے ذریعے اراکین کو اپنی موجودہ صلاحیتوں میں بہتری لانے، نئے شعبوں میں تجربہ حاصل کرنے اور اپنی پیشہ ورانہ خدمات کو بہتر انداز میں پیش کرنے میں مدد مل سکے گی۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ایسوسی ایشن اپنے اراکین کی استعداد کار بڑھانے اور ان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے نجی شعبے کے ساتھ تعاون کو فروغ دے گی۔ منصوبے کے تحت فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے ساتھ عملی کام کے مواقع فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جائے گی، تاکہ نوجوان صحافی اپنی مہارتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشی طور پر خودمختار بن سکیں۔
صدر ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن محمد یوسف خان نے کہا کہ نوجوان صحافیوں کی پیشہ ورانہ ترقی اور انہیں معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لیے روایتی صحافتی سرگرمیوں کے ساتھ جدید میڈیا کے شعبوں میں مواقع پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایسوسی ایشن اس مقصد کے لیے اپنے اراکین کی قابلیت اور تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایسے اقدامات کو فروغ دے گی جن سے نوجوان صحافیوں کو عملی تجربہ، پیشہ ورانہ تربیت اور روزگار کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن نوجوان صحافیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے، انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور میڈیا انڈسٹری میں ان کی مؤثر شمولیت کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اراکین کی پیشہ ورانہ ترقی اور بااختیار بنانے کے لیے طے شدہ منصوبوں پر مرحلہ وار پیش رفت کی جائے گی۔


