LOADING

Type to search

پاکستان

اسلام آباد (سہ پہر) آئی جی کی جانب سے پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود، حوصلہ افزائی اور مسائل کے بروقت حل کے لیے اقدامات جاری

اسلام آباد (سہ پہر) آئی جی کی جانب سے پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود، حوصلہ افزائی اور مسائل کے بروقت حل کے لیے اقدامات جاری۔آئی جی کی لاجسٹکس ڈویژن کے افسران سے ملاقات، ویلفیئر اقدامات کا جائزہ، نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و جوانوں میں تعریفی اسناد کی تقسیم، اردل روم میں محکمانہ و ذاتی مسائل کی سماعت کی۔ تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری نے لاجسٹکس ڈویژن کے افسران سے ملاقات کی، جس میں پولیس افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود اور ویلفیئر سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ملاقات کے دوران پولیس ملازمین کی ضروریات، دستیاب سہولیات اور ویلفیئر سے متعلق مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی جی اسلام آباد نے پولیس فورس کی فلاح و بہبود کو ادارہ جاتی ترجیحات کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے ویلفیئر اقدامات کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود، انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی اور جائز مسائل کا بروقت حل پولیس فورس کے مورال اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔اسی تسلسل میں آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے اسلام آباد پولیس کے مختلف ڈویژنز میں فرائض کی بہترین انجام دہی، فرض شناسی اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و جوانوں کو سنٹرل پولیس آفس مدعو کیا۔ آئی جی اسلام آباد نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، جرائم کی روک تھام اور فرائض کی ذمہ دارانہ انجام دہی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد سے نوازا۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ فرض شناسی، محنت اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ فرائض انجام دینے والے افسران و جوان اسلام آباد پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ نمایاں کارکردگی کا اعتراف نہ صرف افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کا باعث بنتا ہے بلکہ پوری فورس میں مزید محنت، جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ترغیب بھی پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے تعریفی اسناد حاصل کرنے والے افسران و جوانوں کو مزید دلجمعی اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض سرانجام دینے کی ہدایات جاری کیں۔مزید برآں، آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے پولیس افسران کے مسائل کے بروقت حل اور ان کی دادرسی کے لیے اپنے دفتر میں اردل روم کا انعقاد کیا۔ اردل روم کے دوران انہوں نے پولیس افسران کے محکمانہ اور ذاتی نوعیت کے مسائل خود سنے اور ان کے حل کے لیے متعلقہ سینئر پولیس افسران کو ضروری احکامات جاری کیے۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پولیس افسران و جوانوں کے مسائل کا بروقت ازالہ، ان کی فلاح وبہبود اور جائز حقوق کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ اردل روم کے انعقاد کا مقصد پولیس افسران کو براہ راست اپنے مسائل پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا، ان کی دادرسی یقینی بنانا اور فورس کے مورال کو مزید بلند کرنا ہے۔آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود، ان کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل، بہترین کارکردگی کی حوصلہ افزائی اور پولیس فورس کو بہتر سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

X