LOADING

Type to search

پاکستان

اسلام آباد (سہ پہر) فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی، اسلام آباد زون *ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کی کارروائی — سعودی عرب ملازمت کے نام پر 4.5 لاکھ روپے ہتھیانے والے ایجنٹس کے خلاف کارروائی، مکمل رقم شکایت کنندہ کو واپس دلوا دی گئی

اسلام آباد (سہ پہر): ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی) اسلام آباد نے انکوائری نمبر آر ای-546/26 کے تحت سعودی عرب ملازمت کے نام پر شکایت کنندہ بنیامین سے 4 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کرنے والے ایجنٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مکمل رقم شکایت کنندہ کو واپس دلوا دی۔

تحقیقات سے ثابت ہوا کہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر (او ای پی) حفظہ اینڈ کمپنی کے تین ایجنٹس نے مل کر شکایت کنندہ بنیامین کے بیٹے عمر بنیامین کو سعودی عرب میں ملازمت فراہم کرنے کا جھانسہ دیا اور اس سے 4 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کیے۔ جب شکایت کنندہ کا بیٹا سعودی عرب پہنچا تو وہاں نہ کوئی معاہدہ تھا اور نہ ہی کوئی کمپنی — اسے ذلیل و خوار ہو کر واپس آنا پڑا۔ اس دوران اضافی اخراجات بھی شکایت کنندہ نے خود برداشت کیے۔

ایف آئی اے کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں تینوں ایجنٹس کو نوٹسز جاری کیے گئے اور انہیں باہمی معاہدے کے ذریعے رقم واپس کرنے پر پابند کیا گیا۔ تینوں ایجنٹس نے مجموعی طور پر 4 لاکھ 50 ہزار روپے کی مکمل رقم شکایت کنندہ کو واپس کر دی۔

شکایت کنندہ بنیامین نے رقم کی مکمل وصولی پر ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون، ڈپٹی ڈائریکٹر اور تفتیشی افسر انسپکٹر ڈینش مسعود کا بھرپور شکریہ ادا کیا اور ان کی فعال، پیشہ ورانہ اور بروقت کارروائی کو سراہا۔

ایف آئی اے اسلام آباد زون کا عزم ہے کہ بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر عوام کو لوٹنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور متاثرین کو انصاف دلانا ایجنسی کی اولین ترجیح ہے۔

X