اسلام آباد (سہ پہر) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد علی وسیم نے شہر کے مختلف ڈیوٹی پوائنٹس کا دورہ کیا
اسلام آباد (سہ پہر) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد علی وسیم نے شہر کے مختلف ڈیوٹی پوائنٹس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈیوٹی پر مامور افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور سکیورٹی انتظامات، چیکنگ کے عمل اور مجموعی امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ڈی آئی جی اسلام آباد نے ڈیوٹی پر مامور افسران و جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ ہمہ وقت چوکس اور الرٹ رہتے ہوئے پیشہ ورانہ انداز میں اپنے فرائض سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور سکیورٹی ڈیوٹی کے دوران مشکوک افراد اور گاڑیوں کی موثر چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔ کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی صورت میں فوری اور موثر ردعمل کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔دریں اثنائ،ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے ریڈ زون اور ناکہ زیرو پوائنٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سکیورٹی انتظامات، چیکنگ کے عمل اور ڈیوٹی پر مامور افسران و جوانوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے افسران و جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ مکمل الرٹ رہتے ہوئے مشکوک افراد، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی موثر چیکنگ کریں، سکیورٹی ڈیوٹی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی سے گریز کریں اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، شائستگی اور ذمہ دارانہ رویے کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، موثر سکیورٹی اور شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔ افسران و جوان اپنی ڈیوٹی پوری ذمہ داری، پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کے ساتھ سرانجام دیں تاکہ شہریوں کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے

