LOADING

Type to search

پاکستان

اسلام آباد (سہ پہر) پولیس شہریوں کے مسائل کے فوری حل اور بچھڑے بچوں کو اپنوں سے ملانے کے لیے پرعزم

اسلام آباد (سہ پہر) پولیس شہریوں کے مسائل کے فوری حل اور بچھڑے بچوں کو اپنوں سے ملانے کے لیے پرعزم ۔اس سلسلہ میں وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کے خصوصی احکامات پر اسلام آباد پولیس شہریوں کے مسائل کے فوری حل اور عوام کو بروقت ریلیف کی فراہمی کے لیے موثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم اور ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے اپنے دفاتر میں کھلی کچہریاں منعقد کرکے شہریوں کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہری بلاجھجک اور بغیر کسی سفارش کے کھلی کچہریوں میں اپنے مسائل پیش کر سکتے ہیں، جبکہ “آئی جی پی شکایت سیل “1715- پر بھی شکایات درج کروائی جا سکتی ہیں۔ آئی جی اسلام آباد کی ہدایات پر تمام سینئر پولیس افسران اور زونل ایس پیز بھی اپنے اپنے علاقوں میں کھلی کچہریاں منعقد کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کے مسائل براہِ راست سن کر ان کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے بھی اوپن ڈور پالیسی کے تحت کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں کی شکایات سنیں اور متعلقہ افسران کو مارک شدہ درخواستوں پر مقررہ وقت کے اندر قانونی کارروائی کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں پر تشدد کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے، جبکہ ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور تمام درخواستوں پر میرٹ کے مطابق فیصلے کیے جائیں گے۔دوسری جانب اسلام آباد پولیس کا گمشدہ اور لاوارث بچوں کو ان کے والدین اور ورثاءسے ملانے کا مشن بھی جاری ہے۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران مختلف تھانوں کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھروں سے لاپتہ اور لاوارث 08 سے زائد بچوں کو تلاش کرکے بحفاظت ان کے والدین اور ورثاءکے حوالے کیا۔بچوں کی تلاش اور انہیں والدین سے ملانے میں تھانہ ترنول، تھانہ انڈسٹریل ایریا، تھانہ بہارہ کہو، تھانہ کوہسار، تھانہ کراچی کمپنی، تھانہ شمس کالونی اور تھانہ نیلور پولیس نے اہم کردار ادا کیا۔ پولیس نے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مختلف ذرائع سے معلومات حاصل کیں اور بچوں کو تلاش کیا۔ بچوں کی بحفاظت اپنے والدین سے ملاقات پر والدین اور ورثاءنے اسلام آباد پولیس کی کاوشوں کو سراہا اور پولیس افسران و اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، ان کے مسائل کے بروقت حل، عوامی خدمت اور شہریوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے

X