اسلام آباد (سہ پہر) پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ڈیلٹا فورس کی شاندار پاسنگ آﺅٹ تقریب کا انعقاد
اسلام آباد (سہ پہر) پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اسلام آبادمیں ڈیلٹا فورس کی شاندار پاسنگ آﺅٹ تقریب کا انعقاد ۔چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے ڈیلٹا فورس کے قیام پر آئی جی اسلام آباد کو خصوصی مبارکباد پیش کی اور ڈیلٹا فورس کے قیام کو اسلام آباد پولیس کی تاریخ کا اہم باب قرار دیا،یہ جواں مرد ،ہمت و عزمت اور بھرپور طاقت رکھنے والی فورس دہشت گرد عناصر کے خلاف ضرب آہن ثابت ہو گی،آئی جی اسلا م آباد تفصیلات کے مطابق پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پولیس کے خصوصی ڈیلٹا فورس کی شاندار پاسنگ آﺅٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا ،جس میں چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،تقریب میںانسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی ،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن،پولیس سروسز آف پاکستان کے سینئر افسران ،سول سوسائٹی کے نمائندگا ن اور شہریوں نے شرکت کی، آئی جی اسلام آباد نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے معزز مہمان خصوصی کو تقریب میں خوش آمدید کہا ،اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد نے آئی جی اسلام آباد کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ اس پرمسرت موقع پر موجود ہونا میرے لئے ایک اعزاز کی بات ہے، پولیس لائنز میں سب سے زیادہ منفرد چیز یہاں کا نظم و ضبط ہے حالیہ اسلام آباد ٹاکس میں جس طرح آئی جی اسلام آباد اور ان کی ٹیم نے جوانمردی اور نظم و ضبط کے ساتھ سکیورٹی کے فرائض سرانجام دئیے اس کی بلکل مثال نہیں ملتی ، اس سے بڑھ کر جس سے دل خوش ہوتا ہے وہ یہ ہے کہ اسلام آباد کی پولیس تھکتی نہیں ہے ، بلکہ یہ مستعد اورہر آنے والے چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیاررہتی ہے ، اسلام آباد پولیس کے 69بہادر شیروں نے اس ملک کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا ،اس سے بڑھ کر کوئی شخص اور کیا کرسکتا ہے ،جس طرح بہادری سے اسلام آباد پولیس نے دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑی اور شہادتیں دیں یہ ناقابل فراموش ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس کی پبلک فرینڈلی پولیسنگ قابل دید ہے شہریوںکے ساتھ آپ کا رویہ مثالی ہے، جو آپ کو پاکستان کی بہترین پولیس فورس بناتی ہے، آپ لڑے ہیں آپ نے دشمن کا پوری جوانمردی کے ساتھ مقابلہ کیا ہے اور آپ جیتے بھی ہیں ، آپ نے جس طرح مشکل حالات میں اپنے فرائض سرانجام دئیے ہیں وہ مثالی ہیں، اسی طرح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سید علی ناصررضوی نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لئے بہت بڑا دن ہے کیونکہ آج اس خواب کی تعبیر نظر آرہی ہے جو وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ کا ہے، جس میں یہ بات کلئیر کر دی گئی کہ اسلام آباد پولیس پروفیشنلنزم کی وہ داستان رقم کرے گی کہ آج تک کبھی کسی نے وہ بہادری اور پروفیشنلنزم کی داستانیں رقم نہ کی ہوں ، یہ انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ کا وہ یونٹ ہے جس کا مقصد اسلام آباد شہر کو محفوظ بنانا ہے، دہشگردوں کے دلوں میں ڈر پیدا کرنا ہے ، لوگوں کی جان مال اور عزت کی رکھوالی کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کرنا، اللہ کے فضل و کرم سے جس طرح ایس ایس پی سی ٹی ڈی سعود خان اور دیگر سینئر افسران نے اس اسپیشل یونٹ کی ٹریننگ کی ہے جس میں مرد اور خواتین دونوں شامل ہیں اس کی مثال نہیں ملتی، انہوں نے مزید کہا کہ آج 100جوانوں پر مشتمل یہ ڈیلٹا فورس کے جوان پاس آﺅٹ ہو رہے ہیں ، جس میں 50وہ جوان ہیں جن کا تعلق اسپیشل سروسز ونگ سے رہا ہے اور دیگر 50وہ ہیں جن کا تعلق انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد سے ہے، اللہ کے فضل و کرم سے یہ فورس نہ صرف اسلام آباد کو محفوظ رکھے گی بلکہ کسی بھی چیلنج کو بہادروں اور شیروں کی طرح نمٹے گی، انشاءاللہ آپ دیکھیں گے کہ یہ ڈیلٹا فورس اپنا نام روشن کرے گی اور وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کی حفاظت کرے گی اور دشمنوں کو نیست و نابود کرے گی ، اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔




