اسلام آباد(سہ پہر) سویڈن کے سفیر کی وفاقی وزیر قانون، انصاف اور انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات
پاکستان میں سویڈن کے سفیر محترم الیگزینڈرا برگ وون لنڈے نے وفاقی وزیر قانون، انصاف اور انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کی صورتحال پر نتیجہ خیز بات چیت کی اور ممکنہ تعاون اوروسیع مذاکرات کے شعبوں کا جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر قانون نے اسلامو فوبیا کے عالمی عروج سے نمٹنے میں سویڈن کی حکومت کی کوششوں کو سراہا۔ رواداری اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے پر سویڈن کے فعال موقف کو اجاگر کیا۔ سفیر وان لنڈے نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور مشترکہ نقطہ نظر کو فروغ دینے کے لیے وسیع مذاکرات ضروری ہیں۔ انہوں نے سویڈن کے پاکستان سمیت جی ایس پی پلس ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وفاقی وزیر قانون نے سیاست، آزادی صحافت اور عدلیہ جیسے اہم شعبوں میں گورننس کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے صحافیوں کے تحفظ کے لیے حالیہ کمیشن کے قیام کو اجاگر کرتے ہوئے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت کے عزم کو اجاگر کیا۔صنفی مساوات کے موضوع پر سینیٹر تارڑ نے کہا کہ حکومت خواتین کے گھریلو تشدد کے خلاف تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے طریقہ کار میں اصلاحات پر کام کر رہی ہے جو صنفی انصاف کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر مزید تعاون اور تعمیری بات چیت کے بارے میں امید کا اظہار کیا۔ یہ ملاقات ایک مثبت اور پُر امید تبادلہ خیال پر اختتام پذیر ہوئی۔ دونوں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
٭٭٭٭٭