اسلام آباد (سہ پہر) آئی جی سہیل چوہدری کا سی پی او میں اردل روم کا انعقاد
اسلام آباد (سہ پہر) آئی جی سہیل چوہدری کا سی پی او میں اردل روم کا انعقاد،آئی جی اسلام آباد نے پولیس افسران و جوانوں کے مسائل سنے اور موقع پر احکامات جاری کیے۔مزید بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کو تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری نے سنٹرل پولیس آفس میں اردل روم کا انعقاد کیا،جہاں انہوں نے پولیس افسران و جوانوں کے سروس سے متعلق اور ذاتی مسائل تفصیل سے سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر ہی ضروری فیصلے کیے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پولیس افسران و جوانوں کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور محکمانہ امور میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ محنت، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف پولیس فورس کی حوصلہ افزائی اور کارکردگی میں مزید بہتری کے لیے اہم ہے۔آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ پولیس افسران و جوان شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے دن رات فرائض انجام دیتے ہیں، اس لیے ان کی فلاح و بہبود اور جائز مسائل کا بروقت حل اسلام آباد پولیس کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی اور پولیس فورس کے مسائل کے حل کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا




