راولپنڈی (سہ پہر) پاکستان سنی تحریک کے زیرِ اہتمام ختمِ نبوت مارچ ختمِ نبوت ہمارا ایمان ہے، ایمان پر کوئی کمپرومائز ممکن نہیں، مولانا عطاء الرحمن دھنیال
راولپنڈی (سہ پہر) پاکستان سنی تحریک کے زیرِ اہتمام ختمِ نبوت مارچ ختمِ نبوت ہمارا ایمان ہے، ایمان پر کوئی کمپرومائز ممکن نہیں، مولانا عطاء الرحمن دھنیال 7 ستمبر یومِ ختمِ نبوت کے موقع پر پاکستان سنی تحریک راولپنڈی کے زیرِ اہتمام جامعہ اہل السنہ والجماعہ صفدر آباد سے باغِ سرداراں تک عظیم الشان ختمِ نبوت مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ مارچ کی قیادت مولانا عطاء الرحمن دھنیال اور مولانا قاسم محمود موہڑوی نے کی۔ شرکاء نے تاجدارِ ختمِ نبوت ﷺ کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے اور 1974ء میں ختمِ نبوت کے تحفظ کے لیے تاریخی کردار ادا کرنے والے اکابر و اسلاف کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مارچ کے دوران مولانا مفتی محمد صدیق سعدی شیرازی، مولانا حافظ ناصر آمین سیالوی، مفتی عبد الوحید خان، مولانا قاری اشتیاق احمد، مولانا مفتی نواز احمد قادری، مولانا ظفر اقبال چشتی، مولانا محمد عدیل اور مولانا اختیار عباسی سمیت دیگر علماء و رہنماؤں نے 7 ستمبر کی تاریخی اہمیت اور عقیدۂ ختمِ نبوت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
مارچ جب چونگی نمبر 4 پہنچا تو عبدالرحمن مانا بھائی، وسیم مغل اور حاجی شبیر کھوکھر کی جانب سے شرکاء کا شاندار استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جنرل بس اسٹینڈ پیرودھائی محمد عمران خان نے فرازانہ باری کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے 295-C کے خلاف ہونے والی سازشوں کی مذمت کی۔ اس موقع پر انجمن تاجران پیرودھائی جنرل بس اسٹینڈ کے سرپرستِ اعلیٰ الحاج طارق خان تنولی، راجہ خاقان جمیل صدر ٹرانسپورٹ یونین راولپنڈی، ملک محمد شبیر جنرل سیکرٹری، ملک عدالت خان، طارق زمان خان اور حاجی محمد سرور خان سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔
مولانا عطاء الرحمن دھنیال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ختمِ نبوت مسلمانوں کے ایمان کا بنیادی حصہ ہے، اس عقیدے پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ پاکستان سنی تحریک کے ذمہ داران کی جانب سے تھانہ کوہسار میں فرازانہ باری کے خلاف درخواست دی جا چکی ہے، لہٰذا اس پر قانون کے مطابق ایف آئی آر درج کی جائے، بصورتِ دیگر احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔
انہوں نے 295-C کے خلاف ہونے والی مبینہ سازشوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عقیدۂ ختمِ نبوت کے تحفظ کے لیے اہلِ سنت متحد ہیں اور کسی بھی مہم کا آئینی و قانونی دائرے میں رہتے ہوئے بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ مولانا شاداب رضا نقشبندی کی کال پر یومِ ختمِ نبوت کے موقع پر ملک بھر میں ریلیوں اور مارچز کا انعقاد کیا گیا۔
مارچ کے اختتام پر مولانا قاسم محمود موہڑوی نے شہدائے سنی تحریک اور شہدائے ختمِ نبوت کے لیے خصوصی دعا کرائی۔