اسلام آباد (سہ پہر) پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان عوامی اور اقتصادی روابط کے فروغ پر زور
اسلام آباد، 5 ستمبر 2026 (سہ پہر): پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان عوامی اور اقتصادی روابط کے فروغ پر زور
اسلام آباد میں ڈائس فورم کے زیر اہتمام گول میز کانفرنس، سفارت کاروں اور کاروباری شخصیات کی شرکت
شرکاء کا تعلیم، تجارت، ثقافت اور نوجوانوں کے تبادلوں کے ذریعے دیرپا شراکت داری قائم کرنے پر اتفاق
پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان عوامی اور اقتصادی روابط کے فروغ پر زور
ڈائس فورم کے زیر اہتمام ’’پاکستان-افریقہ: عوامی سطح پر روابط کے پل کی تعمیر‘‘ کے عنوان سے اسلام آباد میں ایک گول میز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں افریقی سفارت کاروں، اعلیٰ سرکاری حکام، کاروباری شخصیات اور مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
کانفرنس کی صدارت وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (افریقہ) سفیر حمید اصغر خان نے کی، جبکہ ڈائس فورم کی چیئرپرسن عالیہ آغا نے تقریب کی میزبانی کی۔ مراکش، کینیا، روانڈا، زمبابوے اور ماریشس کے سفارتی نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
سفیر حمید اصغر خان نے افریقہ کو پاکستان کے لیے مواقع کا ایک وسیع خطہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، زراعت اور تعلیم کے شعبوں میں باہمی تعاون کے بے شمار امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور افریقہ کے درمیان مخصوص اور قابل عمل کاروباری منصوبوں پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
عالیہ آغا نے کہا کہ پاکستان اور افریقہ کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے تجارت کے ساتھ ساتھ عوامی روابط، سیاحت، تعلیم، ثقافتی تبادلوں اور نوجوانوں کے درمیان رابطوں کو بھی فروغ دینا ضروری ہے۔
شرکاء نے مشترکہ منصوبوں، کاروباری و تعلیمی روابط، ثقافتی تبادلوں، نوجوانوں کی شمولیت اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان مستقل اور پائیدار ادارہ جاتی، اقتصادی اور عوامی سطح کے روابط قائم کیے جائیں۔