LOADING

Type to search

پاکستان

اسلام آباد (سہ پہر) آئی جی سید علی ناصر رضوی اور چیف کمشنر سہیل اشرف کا فیلڈ میں دورہ۔آئی جی نے بارش کے دوران ٹریفک صورتحال کا جائزہ لیا

اسلام آباد (سہ پہر) آئی جی سید علی ناصر رضوی اور چیف کمشنر سہیل اشرف کا فیلڈ میں دورہ۔آئی جی نے بارش کے دوران ٹریفک صورتحال کا جائزہ لیا ۔متعلقہ افسران سے بارش کے دوران ٹریفک مینجمنٹ اور شہریوں کو درپیش ممکنہ مشکلات کے حوالے سے معلومات حاصل کیں اور انہیں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کے احکامات جاری کئے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی اور چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں اور اہم شاہراہوں کا دورہ کیا اور موقع پر ٹریفک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس دوران مختلف شاہراہوں، اہم چوکوں اور بارش سے متاثرہ علاقوں میں ٹریفک کی روانی، شہریوں کی آمدورفت اور سڑکوں کی مجموعی صورتحال کا معائنہ کیا گیا۔دورے کے دوران آئی جی اسلام آباد نے متعلقہ افسران سے بارش کے باعث ٹریفک کی روانی میں پیدا ہونے والی ممکنہ مشکلات اور ان سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات کے بارے میں بریفنگ لی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بارش کے دوران ٹریفک کی روانی کو ہر ممکن حد تک برقرار رکھنے، شہریوں کو بروقت معاونت فراہم کرنے اور کسی بھی رکاوٹ کو فوری دور کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل موثر انداز میں بروئے کار لائے جائیں۔اسلام آباد کی تمام اہم شاہراہوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے، جبکہ جن علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوا ہے وہاں متعلقہ ٹیمیں فوری طور پر نکاسی آب اور ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے لیے متحرک ہیں۔ ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہتے ہوئے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں اور ضرورت کے مطابق فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں فیلڈ میں موجود رہیں اور بارش کے دوران شہریوں کو ہر ممکن مدد اور معاونت فراہم کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال، ٹریفک حادثے یا ایمرجنسی کال کی صورت میں فوری اور موثر پولیس رسپانس کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور انہیں محفوظ، پرسکون اور بہتر سفری ماحول فراہم کرنا اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے افسران و جوانوں کو ہدایت کی کہ مشکل موسمی صورتحال کے دوران شہریوں کی رہنمائی و معاونت کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے پوری ذمہ داری، مستعدی اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ فرائض انجام دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بارش کے دوران مختلف شعبہ جات کے درمیان موثر رابطہ کاری کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے اور شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ متعلقہ افسران صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتے ہوئے ضرورت کے مطابق اضافی نفری اور وسائل بھی بروئے کار لائیں۔اسلام آباد پولیس کی ٹیمیں شہریوں کی سہولت، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، نکاسی آب سے متعلقہ مسائل کے فوری حل اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے فیلڈ میں مسلسل متحرک ہیں۔اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، محتاط ڈرائیونگ کریں، ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور کسی بھی مشکل، حادثے یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر اسلام آباد پولیس سے رابطہ کریں

X