اسلام آباد (سہ پہر) جرمنی نے اسپین کو شکست دے کر ہاکی ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر سجا لیا
اسلام آباد (سہ پہر) بیلجیم کے شہر ویورے کے تاریخی بیلفیئس ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں جرمنی نے اسپین کو 1-0 سے شکست دے کر ہاکی ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر سجا لیا ہے۔ اس تاریخی کامیابی کے ساتھ ہی جرمنی نے چوتھی بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر کے ہاکی کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹائٹلز جیتنے کا پاکستان کا دیرینہ ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔ دوسری جانب، نیدرلینڈز میں کھیلے گئے ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹائن نے دفاعی چیمپئن نیدرلینڈز کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 3-1 سے ہرا کر تیسری بار عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔میچ کے پہلے اور دوسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے دباؤ برقرار رکھا لیکن کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی، جس کے باعث پہلا ہاف برابر رہا۔ کھیل کے تیسرے کوارٹر میں جرمنی نے حتمی وار کیا۔ جرمن اسٹرائیکر مائیکل اسٹرٹ ہاف نے اسپین کے مضبوط دفاع کو چیلنج کرتے ہوئے ایک شاندار فیلڈ گول اسکور کیا جس نے جرمنی کو 1-0 کی فیصلہ کن برتری دلا دی۔ چوتھے کوارٹر میں اسپین کی ٹیم نے میچ برابر کرنے کے لیے تابڑ توڑ حملے کیے، لیکن جرمنی کے گول کیپر اور چٹان جیسے دفاع نے اسپین کی تمام کوششوں کو ناکام بنا دیا۔عالمی ہاکی فیڈریشن کے صدر طیب اکرام نے د دونوں ایونٹس کے چیمپئنز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جرمنی کو ایک بار پھر مینز ورلڈ چیمپئن بننے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ شاندار کامیابی غیر معمولی ٹیلنٹ، ذہنی مضبوطی اور انتھک محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے اسپین کو سلور اور ارجنٹائن کو برانز میڈل جیتنے پر بھی مبارکباد پیش کی اور اس ورلڈ کپ کو یادگار بنانے والے تمام کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا۔ جرمنی نے 2002، 2006، اور 2023 کے بعد اب 2026 کا ٹائٹل جیت کر پاکستان کے ساتھ تاریخ کی سب سے کامیاب ترین ٹیم ہونے کا اعزاز شیئر کر لیا ہے۔ پاکستان نے یہ ٹائٹلز 1971، 1978، 1982 اور 1994 میں جیتے تھے۔قومی ٹیم نے پول ڈی میں انگلینڈ (1-4) اور بھارت (3-5) سے شکست اور ویلز سے (3-3) ڈرا کے بعد کلاسیفیکیشن راؤنڈز میں زبردست کم بیک کیا۔ الیون پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف 1-3 کے خسارے سے نکل کر میچ 4-4 سے برابر کیا اور پھر پینلٹی شوٹ آؤٹ پر 4-3 سے تاریخی فتح حاصل کر کے ٹورنامنٹ میں 11ویں پوزیشن حاصل کی، جو گزشتہ 20 سالوں میں پاکستان کا بہترین ورلڈ کپ فنش ہے۔ دوسری جانب اسپین کی ٹیم ورلڈ کپ کی تاریخ میں تیسری بار فائنل میں پہنچ کر سلور میڈل پر محدود رہی، اس سے قبل وہ 1971 اور 1998 میں بھی رنرز اپ رہی تھی۔ دیگر پوزیشنز میں مینز میں ارجنٹائن نے کامیابی حاصل کر کے برانز میڈل جیتا جبکہ ویمنز میں بیلجیم نے آسٹریلیا کو 1-0 سے ہرا کر برانز میڈل اپنے نام کیا۔ آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 2-0 سے ہرا کر پانچویں جبکہ بیلجیم نے بھارت کو شوٹ آؤٹ پر 4-3 سے ہرا کر ساتواں نمبر حاصل کیا۔



