اسلام آباد (سہ پہر) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت کرائم میٹنگ
اسلام آباد (سہ پہر) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت کرائم میٹنگ ۔آئی جی اسلام آباد نے جرائم کی مجموعی صورتحال اور افسران کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ انہوں نے تمام افسران کو سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری مجرمان، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں، منشیات فروشوں اور متحرک جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف بلا امتیاز اور بھرپور کریک ڈاون یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت کرائم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق، مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران آئی جی اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں جرائم کی مجموعی صورتحال، امن و امان کے قیام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور پولیس افسران کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے تمام افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری مجرمان، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے عناصر، منشیات فروشوں اور متحرک جرائم پیشہ گینگز کے خلاف بلاامتیاز اور موثر کریک ڈاون کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ تفتیشی عمل میں میرٹ، شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بروقت اور منصفانہ انصاف فراہم کیا جا سکے۔آئی جی اسلام آباد نے مزید ہدایت کی کہ جس تھانے کی حدود میں کوئی واردات رونما ہوگی، اس کی ذمہ داری متعلقہ ایس ایچ او پر عائد ہوگی۔ انہوں نے تمام افسران کو شہریوں کے مسائل کے فوری اور موثر حل کے لیے روزانہ کی بنیاد پر اپنے دفاتر میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، جرائم کی روک تھام اور پائیدار امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔بعد ازاں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کے ساتھ میٹنگ کی جس میں سکیورٹی امور، پولیس افسران کی پیشہ ورانہ تربیت، استعدادِ کار میں اضافے اور مجموعی پولیسنگ کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔آئی جی اسلام آباد نے ڈی آئی جی اسلام آباد کو محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر اور مربوط بنانے، حساس مقامات کی کڑی نگرانی یقینی بنانے، فیلڈ میں ہر وقت الرٹ رہنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لانے کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔مزید براں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ”اوپن ڈور پالیسی“ کے تحت کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں اور پولیس افسران کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے مسائل کا میرٹ اور قانون کے مطابق فوری حل ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی شہری کو پولیس سے متعلق کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ بلاجھجھک کھلی کچہری میں آ سکتا ہے، کیونکہ میرے دروازے ہمیشہ شہریوں کے لیے کھلے ہیں۔انہوں نے شہریوں کی شکایات پر متعلقہ افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مقررہ ٹائم فریم کے اندر درخواستوں کو میرٹ پر نمٹا کر رپورٹ سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائے۔ آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے، جبکہ روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہریوں کے انعقاد سے عوامی مسائل کے فوری اور ترجیحی بنیادوں پر حل میں نمایاں مدد مل رہی ہے۔







