رحیم یار خان (سہ پہر) دی لیٹل سکالر سکول سسٹم کے زیر اہتمام سالانہ رزلٹ کی ایک شاندار اور پروقار تقریب منعقد کی گئی
رحیم یار خان (سہ پہر) دی لیٹل سکالر سکول سسٹم کے زیر اہتمام سالانہ رزلٹ کی ایک شاندار اور پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں طلبہ، اساتذہ، والدین اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد نمایاں کارکردگی دکھانے والے پوزیشن ہولڈر طلبہ میں ٹرافیاں اور اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ بہترین تدریسی خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو اعزازی تحائف سے نوازا گیا۔تقریب میں بچوں نے رنگا رنگ پروگرام پیش کیے جن میں ملی نغمے، تقاریر، خاکے اور خوبصورت ٹیبلوز شامل تھے۔ ننھے طلبہ کی پُراعتماد پرفارمنسز نے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی اور ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ والدین نے بچوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے سکول انتظامیہ کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیاتقریب کے مہمانِ خصوصی عرفان آصف، ڈویژنل ڈائریکٹر فنانس ٹیوٹا بہاولپور تھے جبکہ معزز مہمان مسعود احمد تلوانی (یوکے) نے بھی خصوصی شرکت کی۔ مہمانانِ گرامی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ معیاری تعلیم ہی ترقی کی ضمانت ہے اور ایسے ادارے قوم کا روشن مستقبل تیار کر رہے ہیں۔اس موقع پر پرنسپل دی لیٹل سکالر سکول سسٹم چوہدری طارق نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی مسلسل محنت، نظم و ضبط اور اساتذہ کی رہنمائی کا نتیجہ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کا مقصد صرف نصابی تعلیم دینا نہیں بلکہ طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی اور اخلاقی تربیت بھی ہے تاکہ وہ مستقبل میں ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔ انہوں نے والدین کے تعاون کو بھی سراہا اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔