اسلام آ باد (سہ پہر) عمران خان کی حمایت کے بغیر دہشتگردی کیخلاف جنگ بے سود ثابت ہوگی، شبلی فراز

اسلام آ باد (سہ پہر) پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے کہا ہے کہ قومی سلامتی سے متعلق بریفنگ مقبول لیڈر عمران خان کی مشاورت کے بغیر نامکمل ہے۔
شبلی فراز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران خان سب سے مقبول لیڈر ہے اور ان کی حمایت کا فائدہ ریاست کی دہشتگرد مخالف پالیسی کو ہوگا، جبکہ عمران خان کی حمایت کے بغیر کوئی بھی قومی پالیسی بے اثر اور صرف کاغذی ہوگی۔
شبلی فراز نے کہا کہ اسپیکر پی ٹی آئی وفد کی عمران خان سے مشاورت کے وعدے کویقینی بنائیں، عمران خان کی حمایت کے بغیر دہشتگردی کیخلاف جنگ بے سود ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان واحد لیڈر ہیں جو قوم کو کسی بھی نکتے پر متحد کرسکتے ہیں، اور نیشنل ایکشن پلان کی کامیابی کی بڑی وجہ بھی تحریک انصاف کی حمایت تھی۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عمران خان سے مشاورت کے بغیر سیاسی عدم استحکام میں اضافہ ہوگا۔ واضح رہے کہ سینیٹر شبلی فراز کا بیان ان لمحات میں سامنے آیا ہے جب 18 مارچ کو قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں عسکری قیادت کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی۔ پاکستان تحریک انصاف نے بھی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔