LOADING

Type to search

پاکستان

اسلام آباد (سہ پہر) خاموش سمندر، متحرک پولیس اور انصاف کی دہلیز

اسلام آباد (سہ پہر) کیپٹن (ر) علی بن طارق ایک ایسے باوقار اور منجھے ہوئے افسر ہیں جو اٹک پولیس کی باگ ڈور سنبھالے ہوئے ہیں۔ ہمارے ہاں سرکاری افسر شاہی میں جہاں ہر دوسرے دن پریس ریلیز کا اجراء، کیمروں کی چکاچوند، طویل میڈیا ٹاکس اور سوشل میڈیا پر اپنی کارکردگی کے اشتہار چلانے کا ایک لازمی کلچر بن چکا ہے، وہیں علی بن طارق کا انداز بالکل منفرد اور روایات سے ہٹ کر ہے۔ وہ میڈیا کی سرخیوں کی دوڑ سے دور، ایک “خاموش سمندر” کی طرح اپنی توانائیاں غیرضروری رونق میلوں کے بجائے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پر صرف کرتے ہیں۔ انہیں اس بات کی کوئی جلدی نہیں ہوتی کہ آج کس اخبار کے صفحہ اول پر ان کی تصویر چھپی، کس ٹی وی چینل نے ان کا بیان چلایا یا سوشل میڈیا پر ان کے لیے کتنے تعریف کے ڈونگرے برسائے گئے۔ ان کی ترجیحات میں ذاتی شہرت سے زیادہ کام کا معیار اور تشہیر سے زیادہ ٹھوس نتائج اہمیت رکھتے ہیں۔

علی بن طارق ان خوش نصیب افراد میں شامل ہیں جنہیں زندگی کی بنیادی آسائشوں کے لیے پوری عمر تگ و دو نہیں کرنا پڑتی۔ قدرت نے انہیں ایک آسودہ زندگی، شاندار خاندانی پس منظر اور نوابوں جیسا رہن سہن عطا کیا ہے۔ لیکن کسی بھی انسان کی شخصیت اور کردار کا حقیقی امتحان اس وقت شروع ہوتا ہے جب اسے زندگی میں ہر آسائش اور سہولت میسر ہو، اور پھر یہ سوال ابھرے کہ وہ اپنے اختیار، اپنی صلاحیت اور اپنے منصب کو کس مقصد کے لیے استعمال کرتا ہے۔ علی بن طارق نے پہلے پاک فوج کی باوقار وردی زیب تن کی اور اس کے بعد پولیس سروس کو اپنایا۔ ان کے اس پیشہ ورانہ سفر کا بغور جائزہ لیا جائے تو یہ واضح ہوتا ہے کہ وہ وردی کو محض روزگار یا کیریئر کی ترقی کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک سخت ذمہ داری اور قومی خدمت کا وسیلہ سمجھتے ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ انہیں ہر روز اپنی موجودگی کا ڈھنڈورا پیٹنے یا کارکردگی کے اشتہار لگانے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔

تین ماہ کے وقفے کے بعد فتح جنگ میں ڈی پی او علی بن طارق کی دوبارہ کھلی کچہری اسی عوامی رابطے اور شفاف انتظامیہ کی ایک اہم کڑی بن کر سامنے آئی ہے۔ پولیس سربراہ کا خود اپنے ائیر کنڈیشنڈ دفتر سے باہر نکل کر عام شہریوں کے درمیان بیٹھنا، ان کی شکایات کو براہ راست سننا اور موقع پر موجود متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کا حکم دینا اس بات کی واضح علامت ہے کہ اب عوامی مسائل کو انتظامی ترجیحات میں بنیادی جگہ دی جا رہی ہے۔ اس اقدام سے عوام اور پولیس کے درمیان حائل عدم اعتماد کی خلیج کو کم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔

تاہم اس حقیقت کو بھی تسلیم کرنا ہوگا کہ خاموشی بذاتِ خود کوئی حتمی کارکردگی کا ثبوت نہیں ہوتی، اور نہ ہی محض کھلی کچہری کا انعقاد تبدیلی کا ضامن بن سکتا ہے۔ اصل ثبوت اور افادیت ہمیشہ نتائج کی صورت میں سامنے آتی ہیں۔ اس کھلی کچہری کی حقیقی کامیابی کا دارومدار اس بات پر ہے کہ پہلی کچہری میں آنے والے شہریوں کے مسائل میں سے کتنے مسائل حل ہو سکے۔ کتنی درخواستوں پر میرٹ کے مطابق عمل درآمد ہوا، کتنے مظلوموں کو انصاف نصیب ہوا اور کتنے سائلین واقعی پولیس کے رویے سے مطمئن ہو کر گھر لوٹے۔ یہی وہ سوالات ہیں جن کے تسلی بخش جوابات سے کسی بھی ضلعی پولیس نظام کو پائیدار اور عوام دوست بنایا جا سکتا ہے۔

کسی بھی ضلع کے پولیس سربراہ کی اصل کامیابی کا پیمانہ اس کے دفتر کی شاندار عمارت، پروٹوکول کی لمبی گاڑیاں یا پریس ریلیز کی تعداد سے ہرگز نہیں ناپا جا سکتا۔ کسی ڈی پی او کی قیادت کا حقیقی امتحان اس وقت شروع ہوتا ہے جب ایک عام، غریب اور بے سہارا شہری تھانے میں قدم رکھتا ہے۔ کیا اس کی بات کو عزت کے ساتھ سنا جاتا ہے؟ کیا اس کی درخواست پر بغیر کسی التوا کے کارروائی ہوتی ہے؟ اور کیا کسی بااثر یا سرمایہ دار شخص کے مقابلے میں ایک کمزور شہری کو بھی قانون کا مساوی تحفظ حاصل ہوتا ہے؟ یہی وہ بنادی سوالات ہیں جو کسی بھی افسر کی قیادت کا اصل اور لازوال تعارف بنتے ہیں۔

اس پورے انتظامی سلسلے میں ماتحت افسران کا کردار کسی بھی مشینری کے کلیدی پرزوں کی مانند ہے۔ ڈی ایس پی فتح جنگ خان شبیر کا فرض بنتا ہے کہ وہ ڈی پی او کی اس پالیسی اور وژن کو تھانوں کی سطح پر عملی شکل دیں۔ ایک پولیس سربراہ کی پالیسی اسی وقت کامیاب ہوتی ہے جب اس کے ماتحت افسران اسے ایمانداری سے نافذ کریں۔ خان شبیر کی ذمہ داری ہے کہ وہ تھانوں کی کارکردگی، تفتیش کے معیار اور سائلین کے ساتھ محکمے کے رویے پر مسلسل اور کڑی نظر رکھیں۔

اسی طرح ایس ایچ او فتح جنگ طاہر اقبال خان کے لیے بھی یہ ایک سنہری موقع ہے کہ وہ اپنے تھانے کو شہریوں کے لیے ایک ایسا امن کا گہوارہ بنائیں جہاں کوئی غریب انسان اپنی فریاد لے کر آتے وقت کسی سفارش یا رشوت کا سہارا تلاش نہ کرے۔ تھانہ کلچر کو تبدیل کرنا ہی پولیس ریفارمز کی اصل روح ہے۔ اس ادارے کے تسلسل میں سابق ایس ایچ او سجاد سلیم کا ذکر بھی اہم ہے۔ پولیس افسران کی تبدیلیاں محکمے کا ایک معمول کا عمل ہیں، لیکن اچھی روایات کا تسلسل کبھی ختم نہیں ہونا چاہیے۔ ایک اچھے افسر کی اصل کامیابی یہی ہے کہ اس کے بعد آنے والا افسر اس کے قائم کردہ مثبت اقدامات کو آگے بڑھائے اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید بلندیوں تک لے جائے۔

اگر ہم اٹک پولیس کے اس ماڈل کو بین الاقوامی معیار کے ترازو میں پرکھیں تو لندن پولیسنگ یا دنیا کے دیگر جدید پولیس سسٹمز کی مثال سامنے آتی ہے۔ وہاں پولیس کی پیشہ ورانہ شناخت محض جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری تک محدود نہیں ہے، بلکہ ان کی اصل شناخت عوامی اعتماد، شفاف تفتیش، قانون کی بلا تفریق عمل داری اور ہر سطح پر سخت جواب دہی سے قائم ہوتی ہے۔ ہمارے ہاں وسائل اور بنیادی انفراسٹرکچر کا فرق اپنی جگہ ایک مسلمہ حقیقت ہے، لیکن پولیسنگ کے بنیادی انسانی اور قانونی اصول دنیا کے ہر معاشرے میں یکساں اہمیت رکھتے ہیں۔ اٹک پولیس کے لیے بھی یہی معیار مقرر ہونا چاہیے کہ عام شہری خود کو ہر لمحہ محفوظ سمجھے، کسی بھی ملزم کے قانونی حقوق پامال نہ ہوں، اور کسی بھی بااثر شخص کو قانون کی گرفت سے بالاتر نہ سمجھا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف اور ریلیف فراہم کرنے کا وژن اسی وقت کامیاب اور بارآور ثابت ہو سکتا ہے جب ضلعی افسران اسے میدانِ عمل میں اتاریے۔ اس تناظر میں کیپٹن (ر) علی بن طارق کی قیادت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ ان کے ماتحت کام کرنے والے افسران کا رویہ، کارکردگی اور شکایات کے فوری ازالے کا ایک شفاف نظام ہی یہ ثابت کرے گا کہ حکومت کا یہ وژن صرف نعروں تک محدود ہے یا عملاً عوام کی زندگیوں میں تبدیلی لا رہا ہے۔

جرائم کی روک تھام، مقدمات کی میرٹ پر تفتیش، شہریوں کی شکایات کا بلا تاخیر ازالہ اور پولیس کے روایتی رویے میں مثبت تبدیلی ہی کسی بھی پولیس سربراہ کی کامیابی کا حقیقی اور حتمی پیمانہ ہیں۔ کیپٹن (ر) علی بن طارق کے لیے بھی یہی وہ میدانِ عمل ہے جہاں ان کی خاموش طبیعت، شرافت اور عملی قیادت کو مزید پذیرائی مل سکتی ہے۔ ایک بہترین پولیس سربراہ اپنے ماتحتوں کو اپنی طاقت کا رعب جمانے کے بجائے قانون کی طاقت کا احساس دلاتا ہے۔

فتح جنگ کی کھلی کچہری کو اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ اگر ایک شہری اپنی شکایت لے کر آئے اور مطمئن ہو کر واپس جائے، اگر کسی مظلوم کو بغیر کسی سفارش کے انصاف کی چھتری میسر آئے اور اگر کسی بااثر شخص کو قانون سے بچنے کا راستہ نہ ملے، تو یہ کسی بھی پولیس سربراہ کے لیے سب سے بڑا اعزاز ہوگا۔ عہدے عارضی ہوتے ہیں، کرسیاں بدل جاتی ہیں اور ایک دن یہ سرکاری وردیاں بھی اتارنی پڑتی ہیں، لیکن عوام کے دلوں میں وہی افسران زندہ رہتے ہیں جنہوں نے ان کے مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا۔

کیپٹن (ر) علی بن طارق کی اصل پہچان کبھی اخبارات کی سرخیاں نہیں بنیں گی، بلکہ وہ دن ان کی حقیقی کامیابی کا ثبوت ہوگا جب اٹک کا ایک عام اور غریب شہری پورے اعتماد کے ساتھ یہ کہے گا کہ “پولیس میرے ساتھ کھڑی ہے اور قانون میری حفاظت کر رہا ہے۔” یہی خاموش خدمت کا اصل شور ہے، اور جب یہ انصاف واقعی عام آدمی کی دہلیز تک پہنچے گا، تو بلا شبہ مریم نواز کا انصاف بولے گا۔

X