اسلام آباد (سہ پہر) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی، اسلام آباد زون
اسلام آباد (سہ پہر) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی، اسلام آباد زون
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی کی کارروائی — سعودی عرب ملازمت کا جھانسہ دے کر 11 لاکھ روپے ہتھیانے والا ملزم عمران حسن گرفتار
: ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث ملزم عمران حسن کو راولپنڈی سے گرفتار کر لیا۔
ملزم FIR نمبر 517/2026 میں مطلوب تھا، جو انکوائری نمبر 447/2026 کی تکمیل پر ایمیگریشن آرڈیننس 1979 کی دفعات 18 اور 22 کے تحت درج کیا گیا تھا۔
ملزم پر الزام ہے کہ اس نے مدعی کو سعودی عرب میں ملازمت اور ورک ویزا دلوانے کا جھانسہ دے کر 11 لاکھ روپے وصول کیے۔ رقم وصول کرنے کے باوجود ملزم نہ تو وعدہ شدہ ویزا فراہم کر سکا اور نہ ہی مدعی کو بیرون ملک بھجوا سکا۔
ابتدائی انکوائری کے دوران حاصل ہونے والے بینکنگ ریکارڈ، چیک اور دیگر دستاویزی شواہد سے ملزم کے خلاف الزامات کی تصدیق ہوئی۔ انکوائری میں سامنے آنے والے شواہد کی بنیاد پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
ملزم کو قانونی کارروائی کے بعد حراست میں لے کر مزید تفتیش کے لیے FIA تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ ملزم کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لیے متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
مقدمے میں ملوث دیگر سہولت کاروں اور ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ کے نیٹ ورک کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔
کارروائی سب انسپکٹر ظفر اقبال کی سربراہی میں FIA ٹیم نے انجام دی۔
ایف آئی اے انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ بیرون ملک ملازمت یا ویزا کے حصول کے لیے صرف مجاز ذرائع سے رجوع کریں۔