اسلام آباد (سہ پہر) آئی جی کا جدید کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کا دورہ
اسلام آباد (سہ پہر) آئی جی کا جدید کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کا دورہ, آئی جی نے سینٹر میں نصب جدید ٹیکنالوجی اور مانیٹرنگ سسٹمز کا جائزہ لیا۔ جدید سینٹر اسلام آباد پولیس کی کمانڈ، مانیٹرنگ اور فیلڈ آپریشنز کو مربوط بنانے کے ساتھ ساتھ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور موثر پولیس رسپانس کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے جدید کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں جدید مانیٹرنگ اور کمانڈ سسٹم، سیف سٹی سے مربوط نظام، فیلڈ فورس کی نگرانی، ایمرجنسی رسپانس اور مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے سینٹر میں نصب جدید ٹیکنالوجی اور مانیٹرنگ سسٹمز کا جائزہ لیا اور مختلف آپریشنل امور کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ انہیں بتایا گیا کہ جدید سینٹر کے ذریعے اسلام آباد پولیس کے مختلف یونٹس کی معلومات اور آپریشنل سرگرمیوں کو ایک مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول پلیٹ فارم سے منسلک کیا گیا ہے، جس سے شہر کی مجموعی صورتحال کی موثر نگرانی اور بروقت فیصلہ سازی میں مدد ملے گی۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا موثر استعمال پولیسنگ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ جدید کمانڈ و مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے فیلڈ فورس کی تعیناتی اور کارکردگی کی موثر نگرانی، مختلف پولیس یونٹس کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور ہنگامی صورتحال میں تیز رفتار رسپانس کو یقینی بنایا جا سکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے جرائم کی روک تھام، شہریوں کے تحفظ اور پولیس آپریشنز کو مزید موثر بنایا جائے گا۔ جدید سینٹر اسلام آباد پولیس کی کمانڈ، مانیٹرنگ اور فیلڈ آپریشنز کو مربوط بنانے کے ساتھ ساتھ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور موثر پولیس رسپانس کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے جدید ٹیکنالوجی، بروقت معلومات اور دستیاب وسائل کو موثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے پولیسنگ کے نظام کو مزید جدید اور مضبوط بنایا جا رہا ہے
