اسلام آباد (سہ پہر) اینٹی وہیکل لفٹنگ یونٹ کی رواں سال کے پہلے آٹھ ماہ میں شاندار کارکردگی
اسلام آباد (سہ پہر) اینٹی وہیکل لفٹنگ یونٹ کی رواں سال کے پہلے آٹھ ماہ میں شاندار کارکردگی۔اے وی ایل یو پولیس ٹیموں نے 38ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 16 کروڑ 33 لاکھ روپے مالیت کی 50 مسروقہ گاڑیاں برآمدکر لیں۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس اینٹی وہیکل لفٹنگ یونٹ نے سال 2026 کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران کار چوری اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کاروائیاں کرتے ہوئے 38 ملزمان کو گرفتار کیا اور 16 کروڑ 33 لاکھ روپے مالیت کی 50 مسروقہ گاڑیاں برآمد کر لیں۔برآمد ہونے والی گاڑیوں میں سال 2026 کے دوران چوری ہونے والی 29 گاڑیاں جبکہ گزشتہ برسوں کے دوران چوری ہونے والی 21 گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ پولیس ٹیموں نے جدید تکنیکی ذرائع اور موثر تفتیش کے ذریعے مسروقہ گاڑیوں کی برآمدگی اور ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائیں۔رواں سال اینٹی وہیکل لفٹنگ یونٹ نے چھ متحرک کار لفٹر گروہوں کے 14 ارکان کو بھی گرفتار کیا، جبکہ سنگین جرائم میں ملوث آٹھ اشتہاری اور سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کو بھی قانون کی گرفت میں لایا گیا۔اسی طرح اینٹی وہیکل لفٹنگ یونٹ نے منشیات فروشی میں ملوث ملزمان سے بھاری مقدار میں آئس اور چرس جبکہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث ملزمان سے غیرقانونی پستول معہ ایمو نیشن برآمد کئے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انوسٹی گیشنز سلیمان ظفر نے کہا کہ شہریوں کے قیمتی اثاثوں کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ کار چوری میں ملوث منظم اور متحرک گروہوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور جرائم پیشہ عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے


