LOADING

Type to search

پاکستان

کراچی (سہ پہر) اسپاٹیفائی کا عاطف اسلم کو خراج تحسین، گلوکار کی عالمی مقبولیت کا معترف

کراچی، 23 جولائی، 2026 (سہ پہر)۔ اسپاٹیفائی کا عاطف اسلم کو خراج تحسین، گلوکار کی عالمی مقبولیت کا معترف

* پرستاروں کے لئے 31جولائی کو انکی نئی البم ‘صبح آئے نا’ سے رسائی کی خصوصی سہولت

کچھ آوازیں ایسی ہوتی ہیں جو گیت ختم ہونے کے بعد بھی دل و دماغ میں گونجتی رہتی ہیں۔ گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے عاطف اسلم کی آواز محبت، جدائی، خوشی، فاصلے، عقیدت اور گھر کی یاد جیسے بے شمار جذبات سے جڑی یادوں کا حصہ رہی ہے۔ ان کے گیت شادیوں، طویل سفر، پرسکون راتوں، اپنوں سے ملاقاتوں اور ان لمحوں میں سنے گئے جنہیں لوگ اپنی زندگی کی خوبصورت یادوں کے طور پر سنبھال کر رکھتے ہیں۔

شاید یہی وجہ ہے کہ عاطف اسلم جنوبی ایشیا کے ان چند فنکاروں میں شمار ہوتے ہیں جن کی مقبولیت وقت کے ساتھ کم ہونے کے بجائے مزید بڑھی ہے۔ ان کی موسیقی کی جڑیں پاکستان میں ہیں، مگر اس کی بازگشت بین الاقوامی سطح پر سنائی دیتی ہے۔ پاپ، فلمی موسیقی اور روحانی کلام سمیت ہر انداز میں انہوں نے ایسے منفرد میوزک کو تخلیق کیا جو آج بھی اتنا ہی مانوس، ذاتی پسند اور پہچانا جاتا ہے جتنا برسوں پہلے تھا۔ دوری اور میری کہانی جیسے البمز آج بھی ان کے مقبول ترین کاموں میں شمار ہوتے ہیں اور ریلیز کے کئی برس بعد بھی مداحوں کی جانب سے پسندیدگی کا اظہار کیا جاتا ہے۔

وہ 31 جولائی کو اپنے نئے البم ‘صبح آئے نا’ ریلیز کرنے کی تیاری کررہے ہیں، اسکے ساتھ ساتھ اسپاٹیفائی بھی عاطف اسلم کے اس شاندار سفر اور ورثے کو خراجِ تحسین پیش کر رہا ہے۔ اسپاٹیفائی کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق عاطف اسلم کے گیت تقریباً 8 ارب مرتبہ سنے جا جا چکے ہیں، ان کے 3 کروڑ سے زائد ماہانہ سامعین ہیں، جبکہ ان کی موسیقی دنیا کے 184 ممالک میں سنی جا رہی ہے۔

گزشتہ ایک سال کے دوران اسپاٹیفائی پر عاطف اسلم کی 96 فیصد اسٹریمز پاکستان سے باہر ہوئیں، اور جنوبی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ، شمالی امریکہ، یورپ، ایشیا پیسیفک سمیت دنیا کے دیگر خطوں میں موجود ان کے بین الاقوامی مداحوں کی پسندیدگی اجاگر ہوتی ہے۔ دنیا کے جس بھی کونے میں ان کے مداح موجود ہوں، ان کے گیت محبت، انتظار، یادوں، خوشیوں اور غور و فکر کے لمحات میں ان کا ساتھ دیتے ہیں۔

مداحوں سے اس گہرے تعلق کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ عاطف اسلم کے گیت دنیا بھر میں صارفین کی جانب سے تیار کی گئی 3 کروڑ 75 لاکھ سے زائد پلے لسٹس کا حصہ ہیں۔ ان کی آواز لاکھوں لوگوں کی ذاتی میوزک کلیکشن میں شامل ہے۔ ان کے گیت شادیوں، ٹوٹے دلوں، رات گئے ڈرائیوز، پرانی یادوں، محبت بھرے پیغامات اور ان خاموش لمحوں کی پلے لسٹس میں جگہ پاتے ہیں جنہیں الفاظ میں بیان کرنا اکثر ممکن نہیں ہوتا۔

عاطف اسلم کی مقبولیت صرف ماضی کی یادوں تک محدود نہیں۔ اسپاٹیفائی پر ان کی موسیقی نوجوان نسل، خصوصاً جین زی میں بھی غیرمعمولی مقبول ہے، اور انکی 85 فیصد اسٹریمز انہی نوجوانوں کی طرف سے ہوتی ہے۔ گزشتہ ایک برس کے دوران 4 کروڑ 10 لاکھ سے زائد سامعین نے یا تو پہلی مرتبہ ان کی موسیقی دریافت کی یا انہیں دوبارہ سننا شروع کیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کے گیت نہ صرف پرانے مداحوں بلکہ نئی نسل میں بھی یکساں طور پر پسند کئے جارہے ہیں۔

اسپاٹیفائی پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی آرٹسٹ اینڈ لیبل پارٹنرشپس منیجر، رطابہ یعقوب نے کہا،” عاطف اسلم جیسے گلوکار بہت کم ہوتے ہیں جو کسی ملک کی اجتماعی یادداشت کا حصہ بن جاتے ہیں۔ ان کی موسیقی نے لوگوں کی زندگی کے ہر دور میں ان کا ساتھ دیا ہے، اور اب ہم اسپاٹیفائی پر دیکھ رہے ہیں کہ یہ جذباتی رشتہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں مزید بڑھ رہا ہے۔ یہ ان کی موسیقی کے لازوال ہونے اور اپنے مداحوں کے ساتھ گہرے تعلق کا واضح ثبوت ہے۔”

عاطف اسلم نے اپنے نئے البم کی ریلیز سے قبل اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ”یہ البم میری زندگی کے اندرونی انتشار سے نکل کر اپنی حقیقی ذات سے ملنے کے سفر کی عکاسی کرتا ہے۔ میرے مداح منتظر رہیں۔ میں آپ سب کے سامنے اسے پیش کرنے کے لئے نہایت پرجوش ہوں۔”

ایسے وقت میں جب موسیقی کے رجحانات تیزی سے بدل رہے ہیں، عاطف اسلم ایک ایسے فنکار ہیں جن کا اپنے سامعین سے تعلق وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے۔ ان کے گیت آج بھی دنیا بھر میں لاکھوں لوگ سنتے، محفوظ کرتے، دوسروں کے ساتھ شیئر کرتے نظر آتے ہیں اور نئی نسل انہیں دریافت کر رہی ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ان گیتوں کے معنی بھی نئے ہوتے جاتے ہیں، کیونکہ یہ کسی ایک دور یا ایک لمحے تک محدود نہیں بلکہ ہر نئی نسل انہیں اپنی یادوں کا حصہ بنا لیتی ہے۔

نئی البم صبح آئے نا کے ساتھ عاطف اسلم اپنے فنی سفر میں ایک نئے باب کا آغاز کر رہے ہیں، جو پہلے ہی لاکھوں لوگوں کے دلوں میں خاص مقام رکھتا ہے۔ دو دہائیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ان کی آواز آج بھی منفرد، دل کو چھو لینے والی، فوراً پہچانی جانے والی اور یاد رکھے جانے والی خصوصیت رکھتی ہے۔

نئی البم ‘صبح آئے نا ‘کے گیت:
1۔ صبح آئے نا
2۔ سفر میں ہوں
3۔ عشق
4۔ لیٹس ہیو سم فن
5۔ سن سجنا
6۔ ہوں عشق میں
7۔ چار یار
8۔ سچے وعدے

عاطف اسلم کے مداح اسپاٹیفائی کے کاؤنٹ ڈاؤن پیج پر 31 جولائی کو ریلیز سے قبل ہی اس البم تک رسائی کو محفوظ کرسکتے ہیں۔

X