کہوٹہ (سہ پہر) پاکستان میڈیا کونسل تحصیل کہوٹہ کا اہم مشاورتی اجلاس، صحافیوں کے مسائل، تنظیمی امور اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال
کہوٹہ (سہ پہر) پاکستان میڈیا کونسل تحصیل کہوٹہ کے صدر راجہ عثمان علی کی رہائش گاہ، یونین کونسل کھڈیوٹ میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان میڈیا کونسل ضلع راولپنڈی کے صدر بدر بشیر بدر نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں تنظیمی امور، صحافی برادری کو درپیش مسائل، تنظیم کی فعالیت اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، پیشہ ورانہ مسائل کے حل اور تنظیم کو مزید مضبوط و فعال بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ تحصیل کہوٹہ کے عوامی مسائل پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی اور متعلقہ اداروں تک ان مسائل کو مؤثر انداز میں پہنچانے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں پاکستان میڈیا کونسل ضلع راولپنڈی کے صدر بدر بشیر بدر، تحصیل کہوٹہ کے صدر راجہ عثمان علی، جنرل سیکرٹری طاہر عباس نقوی، سینئر نائب صدر چوہدری نوید جندران، انفارمیشن سیکرٹری جہانگیر خان، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری ملک طاہر محمود، جوائنٹ سیکرٹری بلال سرفراز صابری، ڈپٹی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عدیل علی، لیگل ایڈوائزر راجہ فیصل ایڈووکیٹ سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔اس موقع پر یونین کونسل کھڈیوٹ کی سیاسی و سماجی شخصیات کونسلر راجہ شکیل احمد، راجہ محمد ریاض (فوجی)، عبدالسمیع، راجہ شیان عباس اور چوہدری جبران عابد ،زبیر علی شاہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جہاں خوشگوار ماحول میں تنظیمی امور، صحافتی تعاون اور باہمی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آخر میں صحافی برادری کے اتحاد، تنظیمی استحکام اور عوامی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔