اسلام آباد (سہ پہر) آئی جی سید علی ناصر رضوی کی زیرصدارت سکیورٹی انتظامات سے متعلق اہم اجلاس
اسلام آباد (سہ پہر) آئی جی سید علی ناصر رضوی کی زیرصدارت سکیورٹی انتظامات سے متعلق اہم اجلاس۔عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات تیز کرنے کی ہدایت،جبکہ جدید ٹیکنالوجی، موثر کوآرڈینیشن اور بروقت ریسپانس کے ذریعے شہریوں کو محفوظ اور پرامن ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے خصوصی احکامات جاری کئے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آبادسید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سینئر پولیس افسران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی دارالحکومت کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا،اجلاس میں شہر بھر میں نافذ سکیورٹی انتظامات، حساس مقامات کی حفاظت، اہم تنصیبات کی نگرانی، پٹرولنگ کے نظام، فوری ریسپانس میکانزم، بین الادارہ جاتی تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا، آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ موجودہ سکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر تمام دستیاب وسائل کو موثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے سکیورٹی نظام کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے،شہریوں کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے تمام افسران اور جوان اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری دیانتداری، فرض شناسی اور جذبے کے ساتھ انجام دیں، انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں، اہم شاہراہوں، عوامی مقامات، تجارتی مراکز، عبادت گاہوں اور حساس تنصیبات پر سکیورٹی اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے جبکہ پٹرولنگ اور چیکنگ کے نظام کو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے،انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، سرویلنس سسٹمز، ڈیجیٹل مانیٹرنگ، محفوظ مواصلاتی ذرائع اور ڈیٹا پر مبنی پولیسنگ کو مزید فروغ دیا جائے تاکہ جرائم کی بروقت روک تھام، مشتبہ سرگرمیوں کی موثر نگرانی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مربوط ریسپانس کو یقینی بنایا جا سکے،آئی جی اسلام آباد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام فیلڈ فارمیشنز کے درمیان باہمی رابطہ، معلومات کے بروقت تبادلے اور مربوط حکمت عملی کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے، انہوں نے کہا کہ ہر افسر اپنی ذمہ داریوں سے مکمل آگاہ رہے اور تمام سکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے،جبکہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، پیشہ ورانہ رویے اور فوری معاونت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ، آئی جی اسلام آباد نے واضح کیا کہ اسلام آباد پولیس جدید، فعال اور عوام دوست پولیسنگ کے فروغ کیلئے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے


