اسلام آباد (سہ پہر) پاکستان اور پرتگال کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ، یومِ جمہوریہ پرتگال کی تقریب میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر زور
اسلام آباد (سہ پہر) پاکستان اور پرتگال نے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے، اقتصادی تعاون بڑھانے اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی، قابل تجدید توانائی اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں موجود مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے پر زور دیا ہے۔
یہ بات وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پرتگال کے یومِ جمہوریہ کے موقع پر منعقدہ ایک پروقار استقبالیہ تقریب میں کہی گئی، جس کا اہتمام پاکستان میں پرتگال کے سفیر پاؤلو میگوئل گوئیڈیس ڈومنگز اور ان کی اہلیہ کارلا ڈومنگز نے کیا۔ تقریب میں سفارتکاروں، ارکان پارلیمنٹ، حکومتی شخصیات، کاروباری برادری، سول سوسائٹی کے نمائندوں، طلبہ اور پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے مداحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے جبکہ وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ، گورنر سندھ سید نہال ہاشمی، وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک، رکن قومی اسمبلی زین قریشی، سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، نظریہ پاکستان کونسل کے چیئرمین میاں محمد جاوید، سینئر سفارتکاروں، کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین نے وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی کابینہ اور پاکستانی عوام کی جانب سے پرتگال کی حکومت اور عوام کو یومِ جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرتگال تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بطور وزیر سرمایہ کاری انہیں دنیا بھر کے سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتوں کا موقع ملا، تاہم پرتگالی سرمایہ کاروں کی سنجیدگی، پیشہ ورانہ صلاحیت اور نتائج پر توجہ انہیں نمایاں بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکسٹائل، زراعت، قابل تجدید توانائی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں وسیع تعاون کر سکتے ہیں۔
چوہدری سالک حسین نے پرتگال میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط پل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں مقیم پاکستانی نہ صرف پرتگالی معاشرے کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ ثقافتی اور اقتصادی روابط کو بھی فروغ دے رہے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرتگال کے سفیر پاؤلو میگوئل گوئیڈیس ڈومنگز نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور پاکستان و پرتگال کے درمیان دیرینہ دوستی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل پاکستان آمد کے بعد انہیں اور ان کی اہلیہ کو جس محبت، احترام اور مہمان نوازی کا سامنا کرنا پڑا، وہ ان کے لیے ایک خوشگوار تجربہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں سفارتی خدمات انجام دینے کے باوجود وہ اس وقت پاکستان سے بہتر سفارتی تعیناتی کا تصور نہیں کر سکتے۔ سفیر نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اسلام آباد کو شاید “اسلامابیسٹ” کہا جانا چاہیے کیونکہ یہاں کے لوگوں کی محبت اور خلوص غیرمعمولی ہے۔
سفیر نے کہا کہ یہ تقریب صرف پرتگال کے یومِ جمہوریہ ہی نہیں بلکہ یومِ کیمویس اور پرتگالی کمیونٹیز کے دن کی بھی یاد دلاتی ہے، جو پرتگال کی تاریخ، ثقافت، زبان اور قومی اقدار کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرتگال دیواریں نہیں بلکہ پل تعمیر کرنے پر یقین رکھتا ہے اور یہی فلسفہ اس کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو 76 برس مکمل ہو چکے ہیں اور اس عرصے میں سیاسی روابط، اقتصادی تعاون، تعلیمی تبادلے اور عوامی سطح پر تعلقات مسلسل مضبوط ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کا بہترین دور ابھی آنا باقی ہے۔
سفیر ڈومنگز نے انکشاف کیا کہ اس وقت تقریباً 50 ہزار پاکستانی پرتگال میں مقیم ہیں اور وہ پرتگالی معاشرے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں جلد دوطرفہ سیاسی مشاورت کا انعقاد متوقع ہے جبکہ پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رینجل بھی رواں سال پاکستان کا دورہ کریں گے، جو دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے تعلقات کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 2027-28 کی مدت کے لیے پرتگال کے انتخاب میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پرتگال عالمی امن، مکالمے اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
سفیر نے بین الاقوامی تنازعات کے حل اور مکالمے کے فروغ میں پاکستان کے مثبت کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ جو ممالک رابطوں اور بات چیت کے دروازے کھلے رکھتے ہیں، وہ عالمی امن اور استحکام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب کے دوران سفیر نے فٹبال کے شائقین سے ہلکے پھلکے انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب میں موجود کرسٹیانو رونالڈو دراصل گتے سے تیار کیا گیا ماڈل ہے، جس پر شرکاء قہقہوں میں پھوٹ پڑے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کی دوستی مکمل طور پر حقیقی، مضبوط اور دیرپا ہے۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں کی پرتگالی روایتی کھانوں سے تواضع کی گئی جن میں باکالہاؤ، پیری پیری چکن اور پرتگال کی مشہور میٹھی “پاسٹل ڈی ناٹا” شامل تھیں۔ شرکاء نے پاکستان اور پرتگال کے درمیان بڑھتی ہوئی دوستی، اعتماد، باہمی احترام اور تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔