خانیوال (سہ پہر) محرم الحرام انتظامات کیلئے خصوصی موبائل ٹیمیں تشکیل، فنڈز جاری
خانیوال (سہ پہر): ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ رشید نے محرم الحرام کے پُرامن، محفوظ اور باوقار انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے شہر اور دیہی علاقوں میں قائم امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کو درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے خصوصی موبائل ٹیمیں تشکیل دے دیں جبکہ انتظامات کی تکمیل کیلئے فنڈز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق چیف آفیسر ضلع کونسل کی سربراہی میں قائم ٹیمیں محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو درپیش مسائل کے فوری ازالے کیلئے فیلڈ میں متحرک رہیں گی۔ ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے ایکسئینز، ایس ڈی اوز اور سب انجینئرز کو ہدایت کی ہے کہ امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں سے متعلق تمام ترقیاتی، انتظامی اور سیکیورٹی امور ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو 3 محرم الحرام تک تمام ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی، تجاوزات اور ملبے کا خاتمہ، گڑھوں کی مرمت، نکاسی آب کی بہتری اور رات کے جلوسوں کیلئے سرچ لائٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے امام بارگاہوں اور جلوسوں کی سیکیورٹی مزید مؤثر بنانے کیلئے واک تھرو گیٹس، سیکیورٹی کیمروں اور دیگر حفاظتی انتظامات کی بروقت فراہمی کے احکامات بھی جاری کیے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ان اقدامات کیلئے درکار فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں تاکہ انتظامات کی تکمیل میں کسی قسم کی رکاوٹ حائل نہ ہو۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر چیف آفیسر ضلع کونسل زاہد خلیل اور ایکسئین ضلع کونسل زین بلوچ نے چک نمبر 33 ٹن آر کا دورہ کیا اور لائسنس داران کے ہمراہ 11 محرم الحرام کے جلوس کے روٹ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر مختلف مسائل کی نشاندہی کے بعد متعلقہ عملے کو فوری طور پر ضروری کام مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے تحت محرم الحرام کے دوران عزاداروں کی سہولت کیلئے مختلف مقامات پر سبیلیں قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جہاں ٹھنڈے پانی سمیت بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے عزاداروں، لائسنس داران، مجالس و جلوسوں کے منتظمین اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنانے کیلئے خصوصی فوکل پرسنز بھی مقرر کر دیئے ہیں جو شکایات، تجاویز اور ہنگامی نوعیت کے معاملات پر فوری ردعمل یقینی بنائیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی، صفائی، روشنی، روٹس کی بحالی، عزاداروں کی سہولت اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات جاری ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر خود تمام انتظامات کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔