اسلام آباد (سہ پہر) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا ریڈ زون کا دورہ۔
اسلام آباد (سہ پہر) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا ریڈ زون کا دورہ۔،آئی جی اسلام آباد نے سینئر پولیس افسران کے ہمراہ سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیا۔تمام افسران کو بھرپور سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے بجٹ اجلاس کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ریڈ زون کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وہ دن بھر سینئر پولیس افسران کے ہمراہ فیلڈ میں موجود رہے اور مختلف مقامات پر سکیورٹی انتظامات اور نفری کی تعیناتی کا معائنہ کیا۔آئی جی اسلام آباد نے ڈیوٹی پر مامور افسران و جوانوں سے ملاقات کی، ان کے پیشہ ورانہ جذبے کو سراہا اور انہیں سکیورٹی سے متعلق خصوصی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ریڈ زون اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سکیورٹی کے غیر معمولی اور مؤثر انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔بجٹ اجلاس کے پیش نظر اسلام آباد پولیس کی جانب سے ریڈ زون کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی، اضافی نفری کی تعیناتی، چیکنگ کے مؤثر نظام اور جدید سکیورٹی اقدامات کو یقینی بنایا گیا۔ حساس مقامات پر خصوصی نگرانی کے ساتھ ساتھ شہریوں کے تحفظ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔اسلام آباد پولیس امن و امان کے قیام اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہے اور ہر ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے شہر کی سکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور وفاقی دارالحکومت میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات بلا تعطل جاری رکھے جائیں گے۔





