راولپنڈی (سہ پہر) پاکستان کے 1000 ون ڈے میچز کا سنگ میل: ساؤتھ ایشین اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام صحافیوں کو ‘ ایکسیلنس ایوارڈز’ سے نوازا گیا
راولپنڈی (سہ پہر) پاکستان کے 1000 ون ڈے میچز کا سنگ میل,ساؤتھ ایشین اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (ساسجا) کے زیر اہتمام راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں باوقار تقریب، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، رمیز راجہ، چاچا کرکٹ، تمغہ امتیاز پانے والے عبدالمحی شاہ اور دیگر صحافیوں کو ‘خصوصی سنگ میل ایکسیلنس ایوارڈز’ سے نوازا گیا
تفصیلات کے مطابق ساؤتھ ایشین اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (ساسجا) کے زیر اہتمام راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک سادہ مگر انتہائی پروقار اور تاریخی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کی جانب سے 1000 ون ڈے انٹرنیشنل (ODIs) میچز کھیلنے کے سنگ میل کی خوشی منائی گئی اور کھیل کے میدان سمیت جرنلزم میں گراں قدر خدمات سرانجام دینے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا۔ساؤتھ ایشین اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن ( (ساسجا,سسجا) کے بانی صدر اصغر علی مبارک کی قیادت میں منعقدہ اس تقریب میں نمایاں کرکٹ شخصیات اور میڈیا پروفیشنلز میں یادگاری شیلڈز اور ایکسیلنس ‘سنگ میل’ ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔ ایوارڈز تقریب کے مہمانِ خصوصی 1992 کے ورلڈ کپ یافتہ کھلاڑی اور مایہ ناز کرکٹ کمنٹیٹر رمیز راجہ تھے۔
تقریب کے دوران دنیا بھر میں پاکستان کے لیے کرکٹ کے کھیل کے فروغ اور ترویج کے لیے غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، رمیز راجہ اور چاچا کرکٹ کے لیے خصوصی شیلڈز پیش کی گئیں,وفاقی وزیر و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کو کرکٹ کی ترقی کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات پر خصوصی شیلڈ سے نوازا گیا۔ حج کی ادائیگی کے لیے بیرون ملک (سعودی عرب) کی وجہ سے پی سی بی (PCB) کے نمائندے نے یادگاری شیلڈ وصول کی۔
سابق چیئرمین پی سی بی اور مایہ ناز کمنٹیٹر رمیز راجہ کو کرکٹ ورلڈ میں پاکستان کا نام روشن کرنے پر خصوصی شیلڈ پیش کی گئی۔پاکستان کرکٹ کے عالمی سطح پر سفیر اور دنیا بھر میں سبز ہلالی پرچم لہرانے والے مشہورِ زمانہ ‘چاچا کرکٹ’ کو بھی ان کی طویل ترین اور بے لوث خدمات پر خصوصی یادگاری شیلڈسے نوازا گیا۔
عبدالمحی شاہ کے لیے خصوصی ایکسیلنس ایوارڈتقریب کا سب سے اہم اور یادگار لمحہ پاکستان کے ممتاز اور سینئر ترین اسپورٹس جرنلسٹ عبدالمحی شاہ کو خصوصی ایکسیلنس ایوارڈ اور یادگاری شیلڈ پیش کرنا تھا۔
یہ ایوارڈ کھیل کی صحافت میں ان کی عمر بھر کی غیر معمولی خدمات اور حکومت پاکستان کی جانب سے ان کے لیے حالیہ سول اعزاز ‘تمغہ امتیاز’ کے اعتراف کی خوشی میں دیا گیا۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی رمیز راجہ نے کرکٹ کے فروغ، کھیلوں کی ترویج اور پاکستان کی کھیلوں کی تاریخ کو دستاویزی شکل دینے میں اسپورٹس جرنلسٹ عبدالمحی شاہ کے شاندار اور تاریخی کردار کو بھرپور الفاظ میں سراہا۔
خصوصی ایوارڈ وصول کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ممتاز صحافی عبدالمحی شاہ نے پوری صحافی برادری کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور جذباتی انداز میں کہا: ’’یہ ایوارڈ صرف میرا نہیں بلکہ آپ سب کا ہے، یہ پوری صحافی برادری کی محنت کا اعتراف ہے۔‘‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر ابوبکر بن طلعت نے صحافتی خدمات پر عبدالمحی شاہ کو ‘تمغہ امتیاز’ سول ایوارڈ دینے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔سسجا (SASJA) کے بانی صدر اصغر علی مبارک نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسپورٹس جرنلسٹس دنیا بھر میں پاکستان کے سافٹ امیج کا اصل چہرہ ہیں اور دوسروں کے لیے بہترین نمونہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسپورٹس جرنلسٹس ہمارے عزم، محنت اور احترام کا اصل مظہر ہیں۔اصغر علی مبارک نے اپنے خطاب میں محمد انیس، عمران نعیم احمد، مخدوم بابر,فرحانہ ایاز خان،,مرحوم قمر سعید زیدی، مرحوم سید مصلح الدین، مرحوم فاروق مظہر، مرحوم صوفی محمد رفیق، مرحوم امان اللہ خان، مرحوم محمد شریف خان فیروزپوری، مرحوم مقصود احمد، جیسے صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
بانی صدر اصغر علی مبارک نے راولپنڈی/اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کے سرپرستِ اعلیٰ عبدالمحی شاہ، چیئرمین شکیل اعوان، صدر ابوبکر بن طلعت اور دیگر تمام سینئر صحافیوں و عہدیداران کو ایکسیلنس ‘سنگ میل’ ایوارڈز ملنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔
ایکسیلنس ایوارڈز پانے والوں اور تقریب میں شریک معززین میںذوالفقار بیگ، ارسلان شیرازی، عاصم ریاض، حافظ عبید الرحمٰن، ناصر نقوی، زاہد فاروق ملک، شہریار خان، افضل جاوید اجو، رضوان احسان علی، سہیل راجہ، گبریل ڈی سوزا، عبدالجبار فیصل، فہیم انور خان، سجاد خان، نواز گوہر، مس کرن شہزادی، مس ماریہ راجپوت، مس امبرین، مس روزینہ، ڈاکٹر زاہد اعوان، ذیشان، ارفع فیروز ذکی، عمران ستی اور دیگر عہدیداران شامل تھے:۔تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے ایوارڈ یافتہ شخصیات بالخصوص محسن نقوی، رمیز راجہ، چاچا کرکٹ اور عبدالمحی شاہ کو مبارکباد دی اور پاکستان میں کھیل اور اسپورٹس جرنلزم کے معیار کو مزید بلند کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔