اسلام آباد (سہ پہر) لوہی بھیر پولیس کا کریک ڈاؤن، غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث 7 افراد گرفتار، اسلحہ بھی برآمد
اسلام آباد (سہ پہر) ایس ایچ او تھانہ لوہی بھیر محمد یوسف جٹ کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ آئی جی اسلام آباد کے خصوصی احکامات اور ایس پی سواں زون و ایس ڈی پی او سہالہ سرکل کی ہدایات پر پولیس نے مختلف علاقوں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق پہلی کارروائی بحریہ ٹاؤن فیز 4 سوک سنٹر اسلام آباد میں کی گئی جہاں ریڈ کے دوران 3 ملزمان و ملزمات کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد کے خلاف مقدمہ نمبر 333/26 مورخہ 19 مئی 2026 بجرم دفعات 294 ت پ، 14 فارن ایکٹ 1946 اور 3HTA-2018 تھانہ لوہی بھیر اسلام آباد میں درج کرکے انہیں پابندِ سلاسل کر دیا گیا۔
اسی سلسلے میں دوسری کارروائی کے دوران بحریہ ٹاؤن فیز 4 سوک سنٹر کے ایک کمرشل سپا سینٹر پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے 4 ملزمان و ملزمات کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 336/26 مورخہ 21 مئی 2026 بجرم دفعہ 294 ت پ تھانہ لوہی بھیر اسلام آباد میں درج کر لیا ہے۔
پولیس نے ایک اور اہم کارروائی کے دوران ملزم عاطف اللہ ولد حمید خان کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے کلاشنکوف اور 32 زندہ روند برآمد کر لیے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 335/26 مورخہ 20 مئی 2026 بجرم AO 13/20/65 تھانہ لوہی بھیر اسلام آباد میں درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام مقدمات میں مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔
علاقہ مکینوں نے ایس ایچ او محمد یوسف جٹ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس کی مؤثر کارروائیوں سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔
اس موقع پر ایس ایچ او محمد یوسف جٹ کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی اسلحہ، جرائم اور سماج دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ شہر کو محفوظ بنایا جا سکے۔