اسلام آباد (سہ پہر) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا معرکہ حق “آپریشن بنیان المرصوص”کی پہلی سالگرہ تقریب سے خطاب۔
اسلام آباد (سہ پہر) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا معرکہ حق “آپریشن بنیان المرصوص”کی پہلی سالگرہ تقریب سے خطاب۔ پاکستان ناقابلِ تسخیر قوت بن چکا ہے، پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،یہ صرف ایک آپریشن نہیں بلکہ ایک نظریہ، ایک جذبہ اور ایک طرزِ زندگی ہے، جس کا مقصد پاکستان کے دفاع، اتحاد اور سالمیت کو ہر قیمت پر یقینی بنانا ہے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے معرکہ حق “آپریشن بنیان المرصوص”کی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ”آپریشن بنیان المرصوص “صرف ایک آپریشن نہیں بلکہ یہ ایک نظریہ، ایک جذبہ اور ایک طرزِ زندگی ہے، جس کا مقصد پاکستان کے دفاع، اتحاد اور سالمیت کو ہر قیمت پر یقینی بنانا ہے،اپنے خطاب میں آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ہم ہیں بنیان المرصوص، ہمارا جینا مرنا پاکستان اور قومی اتحاد کیلئے ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند متحد ہے اور اگر کسی دشمن نے پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تو پوری قوم پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر سامنے آئے گی،انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران افواجِ پاکستان نے دنیا کو اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور حکمتِ عملی کا عملی مظاہرہ دکھایا اور دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا، ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان ایک ناقابلِ تسخیر قوت بن چکا ہے جبکہ پاک فوج، پاک فضائیہ اور دیگر سکیورٹی ادارے بنیان المرصوص کی عملی تصویر ہیں،آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے تاریخ ساز کامیابی حاصل کی، جبکہ پوری قوم نے جس اتحاد، یکجہتی اور حب الوطنی کا مظاہرہ کیا وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پاکستانی عوام وطن کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہیں اور قوم جذبہ جہاد سے سرشار ہے،معرکہ حق کی کامیابی کو قوم ہمیشہ عید کی طرح یاد رکھے گی اور آج پاکستان عالمِ اسلام میں ایک مرکزی اور مضبوط قوت کے طور پر ابھر رہا ہے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ہر پاکستانی جوان، ہر بیٹی، ہر طالبعلم اور ہر پولیس اہلکار بنیان المرصوص ہے، انہوں نے پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دشمن اپنی اوقات میں رہے کیونکہ پوری قوم متحد، بیدار اور دفاعِ وطن کیلئے تیار ہے،انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس کی 11 ہزار پر مشتمل فورس اور وفاقی دارالحکومت کے 44 لاکھ شہری افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملکی سلامتی، امن و استحکام کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں،تقریب کے اختتام پر شرکاءنے پاکستان کی سلامتی، ترقی، استحکام اور افواجِ پاکستان کی کامیابیوں کیلئے خصوصی دعائیں بھی کیں






