اسلام آباد (سہ پہر) ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کا تبلیغی مرکز اور مختلف چرچز کا دورہ۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے تبلیغی مرکز اور چرچز پر سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا
اسلام آباد (سہ پہر) ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کا تبلیغی مرکز اور مختلف چرچز کا دورہ۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے تبلیغی مرکز اور چرچز پر سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ تمام افسران کو سکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے اور مستعدی کے ساتھ اپنے فرائض منصبی سرانجام دینے کی ہدایات جاری کیں۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے سینئر پولیس افسران کے ہمراہ تبلیغی مرکز اور مختلف چرچز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور انہیں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔ ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی کے تمام انتظامات کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جائے، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام افسران و اہلکار چوکس رہیں اور اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی اور فرض شناسی کے ساتھ ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت سرگرمِ عمل ہے اور کسی بھی شرپسند عنصر کو امن و امان میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہریوں کی حفاظت اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔آخر میں انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ تھانے یا ایمرجنسی ہیلپ لائن ”پکار ”15-پر دیں، تاکہ پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے مؤثر سکیورٹی نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔





