LOADING

Type to search

پاکستان

اسلام آباد(سہ پہر) حج کی سعادت اللہ تعالیٰ کی طرف سے خاص انتخاب ہے،ملازمین ادارے کی ترقی اور ملکی خوشحالی کے لیے خصوصی دعاکریں۔ لیفٹیننٹ(ر) سہیل اشرف

تمام ملازمین ادارے کی ترقی اور شہرکی خوبصورتی کے لیے چیئرمین سی ڈی اے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ چوہدری محمد یٰسین
اسلام آباد ( ) سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے زیر اہتمام حج پر جانے والے ملازمین کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف تھے۔تقریب میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن اسفند یار بلوچ، ممبر فنانس و پلاننگ محمد عمیر، ممبر اسٹیٹ زمان وٹو، ڈائریکٹر تعلقاتِ عامہ شاہد رفیق کیانی، ڈپٹی ڈائریکٹر کامران اسلم، ڈائریکٹر لیبر ریلیشن آصف علی خان، پیر قاری عبید احمد عبید نقشبندی،علامہ جہانگیر شاہ سعیدی،سی ڈی اے مزدور یونین کے چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی، سپریم ہیڈ مرزا سعید اختر، حاجی صابر، صوفی محمود علی، اظہار عباسی، راجہ شفیق، نعیم کیانی، سید مقبول شاہ، چوہدری واجد گجر، چوہدری ابرار، اسد محمود، محمد سرفراز ملک سمیت سی ڈی اے مزدور یونین کے عہدیداران، سی بی اے کمیٹیوں کے نمائندگان اور ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ ہم چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے سی ڈی اے مزدور یونین کی درخواست پر اس پروگرام میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انھوں نے حج پر جانے والے تمام ملازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے اور مزدور یونین کی کاوشوں سے ہر سال ادارے کے ملازمین کو قرعہ اندازی کے ذریعے حج کیلئے بھیجا جاتا ہے جو ایک بڑی سعادت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین کا بنیادی مقصد رنگ، نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر مزدوروں کی خدمت کرنا ہے اور ہم نے یہ سب اپنے عمل سے ثابت کیا ہے۔مزدور یونین مذاکرات پر یقین رکھتی ہے اور ملازمین کے حقوق کے تحفظ کیلئے عملی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے دن رات ادارے کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں اور ہم ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ سی ڈی اے کے تمام ملازمین ادارے کی ترقی اور وزیرِ اعظم کے ویژن کے مطابق وزیرِ داخلہ اور چیئرمین سی ڈی اے کی قیادت میں اسلام آباد کو خوبصورت اور صاف ستھرا شہر بنانے کیلئے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی سرزمین پر وہی شخص جا سکتا ہے جسے اللہ تعالیٰ خود منتخب کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج پر جانے والے ملازمین اپنے ساتھ ساتھ اپنے اہلِ خانہ، وطنِ عزیز پاکستان اور ادارے (سی ڈی اے) کی ترقی کیلئے بھی دعائیں کریں۔انہوں نے کہا کہ تمام ملازمین ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض منصبی اداکریں اور ادارے کی بہتری کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ ادارے کے ملازمین کا حق ہے کہ وہ اپنے جائز مطالبات کیلئے ہمارے پاس آئیں اور ان شاء اللہ ان کے جائز مطالبات نیک نیتی کے ساتھ حل کیے جائیں گے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ادارے کا عزم ہے کہ اسلام آباد کو دنیا کا خوبصورت اور جدید ترین دارالحکومت بنایا جائے جس کیلئے ہم سب کو مل کر دن رات محنت کرنا ہوگی کیونکہ محنت میں ہی عظمت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی ڈی اے کے گورننس ماڈل کو بہتر سے بہترین بنانے کیلئے کوششیں جاری ہیں تاکہ شہریوں کو اعلیٰ اور معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔تقریب کے اختتام پر حج کی سعادت حاصل کرنے والے ملازمین میں لازمی سفری اشیاء اور تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔

X