LOADING

Type to search

پاکستان

کراچی (سہ پہر) صوبائی وزیر سندھ سید ریاض حسین شاہ شیرازی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں محکمہ اوقاف کی املاک سے متعلق اہم اجلاس منعقد

کراچی (سہ پہر) کراچی صوبائی وزیر سندھ سید ریاض حسین شاہ شیرازی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم ون میں محکمہ اوقاف کی زرعی و شہری املاک سے متعلق کل ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری اوقاف اختر حسین بگتی، چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف حیدرآباد مختیار علی ابڑو، مختلف اضلاع کے ایڈمنسٹریٹرز، انجینئرز، مینیجرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محکمہ اوقاف کی جائیدادوں کے مؤثر استعمال، کرایہ داری نظام میں بہتری اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر کی زیر صدارت اجلاس میں متعدد اہم اور عملی نوعیت کے فیصلے کیے گئے۔ صوبائی وزیر سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے ہدایت دی کہ محکمہ اوقاف کی جائیدادوں کو ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں کے مطابق نئے کرایوں پر دینے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تین رکنی کمیٹی کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں افسران و عملے کی ڈیو پروموشنز کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی جبکہ منگھوپیر درگاہ کی خستہ حال دیوار کی ازسرنو تعمیر کی باضابطہ منظوری بھی دی گئی۔ مزید برآں محکمہ اوقاف کی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کے خاتمے کے لیے سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ محکمے کے معاملات میں کسی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داران کے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ صوبائی وزیر کی طرف سے اجلاس میں موجود افسران اور عملے کو واضح ہدایت دی کہ ترقیاتی منصوبوں اور مرمتی کاموں کی کڑی نگرانی کو یقینی بنایا جائے جبکہ مزارات اور درگاہوں پر آنے والے زائرین کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے مالی و انتظامی امور میں مکمل شفافیت کے لیے ہفتہ وار رپورٹس باقاعدگی سے جمع کرائی جائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اوقاف کی املاک سندھ کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کے مؤثر استعمال سے عوامی فلاحی منصوبوں کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے

X