اسلام آباد (سہ پہر) 27 فروری علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں رمضان المبارک کی روحانی برکات سمیٹنے اور سیرتِ نبویؐ کی تعلیمات کو فروغ دینے کے لیے ”رمضان ویکلی سیرت سیمینار” کا بامقصد انعقاد کیا گیا
اسلام آباد (سہ پہر) 27 فروری علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں رمضان المبارک کی روحانی برکات سمیٹنے اور سیرتِ نبویؐ کی تعلیمات کو فروغ دینے کے لیے ”رمضان ویکلی سیرت سیمینار” کا بامقصد انعقاد کیا گیا۔کلیدی مقرر، ڈاکٹر سید عبد الرحمن نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ دور کے فکری، سماجی اور اخلاقی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیرتِ طیبہؐ میں موجود صبر و استقامت کے سنہری اصولوں کو انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنانا ناگزیر ہے۔یہ سیمینار جامعہ کی سنٹرل لائبریری میں منعقد ہوا جس کا اہتمام سنٹرل لائبریری اور فیکلٹی آف عربی اینڈ اسلامک اسٹڈیز نے مشترکہ طور پر کیا۔ سیمینار کا موضوع ”سیرتِ نبیؐ اور صبر و استقامت“ تھا جس میں طلبہ، اساتذہ اور جامعہ کے عملے نے بھرپور شرکت کی اور مقررین کے خیالات کو نہایت توجہ اور عقیدت سے سنا۔ڈاکٹر سید عبد الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ صبر، تحمل، بردباری اور عزمِ مصمم کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ طائف کے مشکل ترین حالات ہوں یا مکہ مکرمہ میں مظالم، ہر مرحلے پر آپ ﷺ نے استقامت کا دامن تھامے رکھا اور امت کو یہ پیغام دیا کہ مشکلات وقتی ہوتی ہیں مگر صبر انسان کو سرخرو کر دیتا ہے۔اس موقع پر لائبریرین سید غلام کاظم علی نے اعلان کیا کہ رمضان المبارک کے دوران ہر ہفتے سیرت کے مختلف پہلوؤں پر لیکچر کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ سیشن کو سوشل میڈیا پر براہِ راست نشر کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ان علمی و روحانی نشستوں سے مستفید ہو سکیں۔سیمینار کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، اتحادِ امت اور صبر و استقامت کی دولت سے مالا مال ہونے کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔