اسلام آباد (سہ پہر) وزارتِ اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ اور پاکستانی قونصلیٹ بارسلونا اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور ان کے حل کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اوورسیز پاکستانیوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیشِ نظر پاکستانی قونصلیٹ بارسلونا نے ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات ختم کر دی ہیں اور گزشتہ تین دنوں سے صبح 8 بجے سے رات 11 بجے تک بلا تعطل خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس دوران قونصلیٹ روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 200 پاسپورٹس کی پراسیسنگ جبکہ تقریباً 600 اتھارٹی لیٹرز برائے کیریکٹر سرٹیفکیٹ جاری کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق نئے پاسپورٹ کے اجرا کے لیے معقول جواز فراہم کرنا ضروری ہے، جبکہ اگر کسی شہری کے پاسپورٹ کی مدتِ معیاد باقی ہو تو نیا پاسپورٹ صرف گمشدگی رپورٹ کی بنیاد پر جاری کیا جا سکتا ہے۔ مزید برآں اسپین میں مستقل پاسپورٹ کے حصول کے لیے سابقہ پاسپورٹس یا پاسپورٹ کی گمشدگی رپورٹ کا ہونا لازمی ہے۔
چوہدری سالک حسین نے بتایا کہ وزارتِ اوورسیز پاکستانیز اور پاکستانی قونصلیٹ بارسلونا اس معاملے پر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ پاسپورٹ گمشدگی رپورٹ کی شرط میں ممکنہ نرمی لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قونصلیٹ نے مقامی پولیس حکام سے بھی بات چیت کی ہے، جس کے بعد پاسپورٹ گمشدگی رپورٹ فوری طور پر درج کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق اگر پاسپورٹ گمشدگی رپورٹ کی شرط میں نرمی کی جاتی ہے تو قونصلیٹ بغیر گمشدگی رپورٹ کے بھی نئے پاسپورٹس کے اجرا کا آغاز کر دے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے۔