LOADING

Type to search

پاکستان

بیروت(سہ پہر) حزب اللہ کا سیکڑوں راکٹس اور ڈرونز سے حملہ، اسرائیل کا ایمرجنسی کا اعلان

حزب اللہ کے حملوں پر اسرائیل نے 2 روزہ ہنگامی صورت حال کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے جب کہ بین الااقوامی پروازوں کو معطل کردیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حزب اللہ نے اپنے سربراہ حسن نصر اللہ کے قریبی ساتھی اور سینیئر کمانڈر فواد شکر کی شہادت کا بدلہ لینے کے لیے اسرائیل کے مشرقی علاقے میں 320 راکٹوں اور 100 سے زائد دھماکا خیز ڈرونز کی بارش کردی۔حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجی تنصیبات اور دفاعی نظام آئرن ڈوم کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا اور شہید کمانڈر کے بدلے میں یہ محض ایک ابتدا ہے۔اسرائیل میں 2 روز کے لیے ایمرجنسی نافذ کرکے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی جب کہ تل ابیب آنے اور جانے والی بین الاقوامی پروازیں معطل کردی گئی تھیں جنھیں بعد ازاں بحال کردیا گیا۔

دوسری جانب اسرائیل نے دعوی کیا ہے کہ حزب اللہ کے حملوں کے جواب میں ائیر فورس کے 100 جنگی طیاروں نے حزب اللہ کے راکٹ لانچر سائٹس پر حملہ کرکے ہزاروں راکٹس کو اڑنے سے قبل ہی تباہ کردیا۔یاد رہے کہ اسرائیل نے حزب اللہ کے سینئر کمانڈر فواد شکر کو بیروت میں 30 جولائی کو حملہ کرکے شہید کیا تھا۔حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر وائٹ ہاوس نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدرجوبائیڈن اسرائیل اور لبنان کی تازہ صورتحال پرنظررکھے ہوئے ہیں، صدر بائیڈن قومی سلامتی ٹیم سے رابطے میں ہیں اور ان کی ہدایت پرسینئر امریکی حکام اسرائیلی ہم منصبوں سے رابطے میں ہیں۔

X