رحیم یار خان (سہ پہر) چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ایجوکیشن کے چیئرمین اور ایگزیکٹو ممبر عمران شبیرکی سربراہی میں ایگزیکٹو ممبران طارق محمود، شہباز احمد، ریاض الرحمان اور محمد سہیل سلیم نے پنجاب کالج رحیم یار خان کا دورہ کیا
رحیم یار خان (سہ پہر)(بیوروچیف جہانگیرحسین) چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ایجوکیشن کے چیئرمین اور ایگزیکٹو ممبر عمران شبیرکی سربراہی میں ایگزیکٹو ممبران طارق محمود، شہباز احمد، ریاض الرحمان اور محمد سہیل سلیم نے پنجاب کالج رحیم یار خان کا دورہ کیا۔ وفد نے کالج کے پرنسپل ایوب خان سے ملاقات کی، جس میں طلبہ کے تعلیمی مستقبل، کالج کی کارکردگی اور شہر میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران چیئرمین عمران شبیر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے شروع کی گئی تعلیمی اسکالرشپ اسکیم کو تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اسکالرشپس نہ صرف ہونہار طلبہ کے لیے ایک امید کی کرن ہیں بلکہ رحیم یار خان جیسے شہروں کے نوجوانوں کے لیے روشن مستقبل کی بنیاد بھی فراہم کر رہی ہیں۔ پرنسپل ایوب خان نے پنجاب کالج کی جانب سے دی جانے والی تعلیمی اسکالرشپس، فیس میں رعایت اور میرٹ بیسڈ سپورٹ پروگرامز سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کالج ہمیشہ سے مستحق اور قابل طلبہ کی حوصلہ افزائی میں پیش پیش رہا ہے۔ وفد اور انتظامیہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تعلیم کے فروغ، طلبہ کی رہنمائی، اور نئے تعلیمی مواقع پیدا کرنے کے لیے چیمبر اور پنجاب کالج کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ رحیم یار خان کے نوجوان جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ بہترین تعلیم حاصل کر سکیں۔