LOADING

Type to search

پاکستان

اسلام آباد (سہ پہر) گھانا کےپارلیمانی وفد کا پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار

اسلام آباد (سہ پہر) گھانا کےپارلیمانی وفد نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے آٹھ رکنی وفد کی قیادت گھانا کی پارلیمنٹ کے سیکنڈ ڈپٹی اسپیکر اینڈریو آسیاماہ امورکو نے کی، جو قونصل جنرل برائے گھانا شاہد رشید بٹ کی میزبانی میں منعقدہ سفارتی اجلاس میں شریک تھے۔
وفد نے اپنے دورے کے دوران ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ، فارماسیوٹیکل سپلائی اور زرعی مشینری کے شعبوں میں تعاون کو گھانا کی اولین ترجیح قرار دیا۔ یہ دورہ پہلی انٹر پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس کے سلسلے میں کیا گیا۔
قونصل جنرل کی جانب سے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے مس مشعل شاہد بٹ نے بتایا کہ 2024 کے دوران پاکستان کی گھانا کو برآمدات 76.51 ملین ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، جو آئندہ برسوں میں نمایاں اضافہ کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
مس مشعل کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیکسٹائل، جنیرک ادویات اور زرعی آلات کے لیے مغربی افریقہ کی منڈی میں وسیع مواقع موجود ہیں۔
مس مشعل نے بتایا کہ پاکستان کی فارماسیوٹیکل برآمدات 2024 میں 421.43 ملین ڈالر رہیں جن میں افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ اہم منڈیاں ہیں۔ گھانا نے پاکستانی ادویات بالخصوص سستی جنیرک میڈیسن میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا ہے تاکہ اپنے ہیلتھ کیئر نظام کو مستحکم کیا جاسکے۔
پاکستان کا ٹیکسٹائل سیکٹر ملکی برآمدات کا 60 فیصد سے زائد حصہ رکھتا ہے اور گھانا کی بڑھتی ہوئی فیشن اور ریٹیل مارکیٹ کے لیے مسابقتی سپلائی کا بہترین ذریعہ ثابت ہوسکتا ہے۔
گھانا اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات 1963 میں قائم ہوئے تھے تاہم تجارتی سرگرمیاں اس رفتار سے نہیں بڑھ سکیں۔
حالیہ انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس جس میں 40 سے زائد ممالک کے پارلیمانی رہنماؤں نے شرکت کی، نے دونوں ممالک کو تجارتی تعاون پر عملی پیش رفت کا موقع فراہم کیا۔
گھانا اس وقت اپنی درآمدات کا بڑا حصہ چین، سوئٹزرلینڈ اور امریکہ سے حاصل کرتا ہے مگر درآمدی تنوع کے لیے نئے شراکت دار تلاش کر رہا ہے۔ 2023 میں گھانا کی درآمدات میں چین کا حصہ تقریباً 22 فیصد تھا۔
اس وقت ایک ہزار سے زائد پاکستانی گھانا میں آئی ٹی، الیکٹرانکس، انٹیریئر ڈیزائن اور فِن ٹیک کے شعبوں میں مصروفِ عمل ہیں، جو مستقبل میں تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔
پاکستانی باسمتی چاول، سرجیکل آلات، اسپورٹس گُڈز اور چمڑے کی مصنوعات بھی گھانا کی منڈیوں میں داخلے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کے نئے دروازے کھل سکتے ہیں۔

X