اسلام آباد (سہ پہر) پولیس ملازمین کی ذہنی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری کیلئے سائیکولوجیکل ٹیسٹ کا سلسلہ جاری
اسلام آباد (سہ پہر) پولیس ملازمین کی ذہنی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری کیلئے سائیکولوجیکل ٹیسٹ کا سلسلہ جاری۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی خصوصی ہدایات پر ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے افسران و جوانوں کی ذہنی صلاحیتوں، استعدادِ کار اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنے دفتر میں سائیکولوجیکل ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کیا ہے۔اسی سلسلے میں ڈی آئی جی اسلام آباد دفترمیں پولیس افسران و جوانوں کے سائیکولوجیکل ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا۔ٹیسٹ کے دوران ان کی ذہنی صلاحیتوں، پیشہ ورانہ رویوں، دباؤ میں کام کرنے کی استعداد اور مختلف صورتحال میں بروقت و مؤثر فیصلہ سازی کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا گیا۔اس اقدام کا مقصد افسران و جوانوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنا، پیشہ ورانہ کارکردگی بہتر بنانا اور انہیں جدید پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔سائیکولوجیکل ٹیسٹ کے نتائج کی روشنی میں افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے، کارکردگی کا معیار بلند کرنے اور استعدادِ کار میں اضافے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے فروغ، ذہنی و عملی استعدادِ کار میں اضافے اور جدید پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگی کے لیے مختلف تربیتی، فلاحی اور پیشہ ورانہ اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
