اسلام آباد (سہ پہر) انسپکٹر جنرل آف پولیس کیپٹن (ر)محمد سہیل چوہدری نے وفاقی پولیس میں بھرتی کے عمل کو شفاف، سہل اور مؤثر بنانے کے حوالے سے پولیس اسٹیشنز میں عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی ہیں
اسلام آباد (سہ پہر) انسپکٹر جنرل آف پولیس کیپٹن (ر)محمد سہیل چوہدری نے وفاقی پولیس میں بھرتی کے عمل کو شفاف، سہل اور مؤثر بنانے کے حوالے سے پولیس اسٹیشنز میں عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی ہیں۔اس سلسلے میں آئی جی اسلام آباد نے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے افسران سے ملاقات کی، جس میں اسلام آباد پولیس میں بھرتی سے متعلق انتظامی امور اور امیدواروں کے انٹرویوز کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ انہیں انٹرویوز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ تمام انتظامات امیدواروں کے لیے آسان بنائے جائیں، بھرتی کے عمل میں شفافیت برقرار رکھی جائے اور انتظامی امور کو مزید بہتر بنایا جائے۔دریں اثنا، آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت سنٹرل پولیس آفس میں SIPS پروٹوکولز کے تحت پولیس اسٹیشنز میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف ٹریفک آفیسر السما آباد کائنات اظہر خان، ہنرکدہ کے بانی جمال شاہ اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پولیس اسٹیشنز میں SIPS پروٹوکولز کے نفاذ، نظامِ کار کو مؤثر بنانے اور پولیس خدمات کے معیار میں بہتری لانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔بعد ازاں، آئی جی اسلام آباد نے ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا اور ایس پی رورل زون ذیشان علی سے ملاقات کی، جس میں اسلام آباد پولیس کے عوامی خدمت کے اقدامات اور تھانہ جات میں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ پولیس اسٹیشنز میں شہریوں کی سہولت، آسان رسائی اور مسائل کے مؤثر حل کے لیے اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری پولیس خدمات فراہم کی جا سکیں۔آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھرتی کے عمل میں شفافیت، پولیس اسٹیشنز کے نظام میں بہتری اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اسلام آباد پولیس کی اہم ترجیحات ہیں




