اسلام آباد (سہ پہر) پسنی میں اے این ایف کا بڑا ایکشن، سمندری راستے سے بیرون ملک سمگلنگ کیلئے چھپائی گئی کروڑوں روپے مالیت کی 72 کلوگرام آئس پکڑی گئی۔
اسلام آباد (سہ پہر) پسنی میں اے این ایف کا بڑا ایکشن، سمندری راستے سے بیرون ملک سمگلنگ کیلئے چھپائی گئی کروڑوں روپے مالیت کی 72 کلوگرام آئس پکڑی گئی
منشیات سمگلنگ کے خلاف اینٹی نارکوٹکس فورس نے مکران کے ساحلی علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 72 کلوگرام آئس (میتھ ایمفیٹامین) برآمد کرلی۔ برآمد ہونے والی منشیات کی مالیت تقریباً 2 کروڑ روپے ہے۔ منشیات پسنی کے غیرآباد علاقے میں زمین کے اندر بنائے گئے گڑھوں میں چھپائی گئی تھی۔
کارروائی کے دوران منشیات کی مبینہ سمگلنگ میں استعمال ہونے والی ایک سپیڈ بوٹ بمعہ تین انجن اور ایک ٹویوٹا پک اَپ بھی قبضے میں لے لی گئی.
ابتدائی تحقیقات کے مطابق منشیات افغانستان سے اسمگل کی گئی اور سمگلروں نے اسپیڈ بوٹ کے ذریعے برآمد شدہ منشیات کو پسنی کے ساحل سے بین الاقوامی پانیوں کی طرف سمگل کرنا تھا، لیکن اے این ایف کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں سمگلنگ کی اس مذموم کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔
منشیات قبضے میں لے کر اس سے منسلک سمگلنگ نیٹ ورک اور سہولت کاروں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور گرفتاریوں کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔
ملک میں منشیات کی سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری ہے۔ سمگلر
مخصوص جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے پاکستان کی سرزمین اور سمندری راستوں کو دیگر ممالک تک منشیات پہنچانے کے لیے بطور راہداری استعمال کرنے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔
اے این ایف کی ملک بھر میں انسدادِ منشیات کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری ہیں تاکہ منشیات کے خلاف جنگ میں ”منشیات سے پاک پاکستان“ کی منزل کے حصول کویقینی بنایا جا سکے۔



